QR CodeQR Code

عمران خان ملکر چلیں گے تو مسائل حل ہو جائیںگے، طاہر القادری

30 Jul 2014 01:17

اسلام ٹائمز: نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ نے کہا ہے کہ پاکستان کی طرز حکمرانی اسلام، قرارداد مقاصد، قائداعظم کے خواب اور جمہوریت کے بین الاقوامی مسلمہ ضابطہ کے خلاف اور آئین سے بغاوت ہے، حکومت کا خاتمہ جمہوری اصولوں کے مطابق واجب ہوچکا، انقلاب سے حقیقی جمہوریت کو لانا ہے، جمہوریت میں افراد نہیں ادارے اور عوام طاقتور ہوتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ اگست میں ہی عوام کو کرپٹ حکو مت سے نجات اور حقیقی آزادی دلائیں گے، حکومت کے خلاف تحریک میں قیادت کا مسئلہ نہیں، جب عمران خان مل کر چلیں گے تو سارے مسائل حل ہو جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ ہم نے کبھی بھی مڈٹرم انتخابات کی بات نہیں کی۔ ہم انتخابات سے پہلے بھرپور احتساب، انتخابی اصلاحات اور پھر ہی انتخابات کی بات کرتے ہیں، جو انقلاب کے بغیر ممکن نہیں۔ بدقسمتی سے اقتدار پر عوام کی بجائے اشرافیہ قابض ہے۔ سٹیٹس کو کی پیداوار جماعتوں نے سیاسی، سماجی و معاشی استحصال کو آئینی جمہوریت کا نام دیا ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ حکمران عوام کے ووٹوں سے نہیں دھاندلی سے اقتدار میں آئے ہیں، جس کرپٹ نظام سے حکمران اقتدار میں آئے ہیں، ہم اس کرپٹ نظام اور حکومت دونوں کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔ جس کیلئے عید کے فوری بعد یوم انقلاب کیلئے تحریک کا اعلان کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے کبھی بھی مڈٹرم انتخابات کی بات نہیں کی کیونکہ ہم انتخابات سے پہلے بھرپور احتساب، انتخابی اصلاحات اور پھر ہی انتخابات کی بات کرتے ہیں جو انقلاب کے بغیر ممکن نہیں۔ سانحہ ماڈل ٹائون کے حوالے سے ہمیں حکومتی تحقیقات پر اعتبار نہیں ہم خود اقتدار میں آکر اس کی شفاف تحقیقات کرائیں گے، اصل مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی طرز حکمرانی اسلام، قرارداد مقاصد، قائداعظم کے خواب اور جمہوریت کے بین الاقوامی مسلمہ ضابطہ کے خلاف اور آئین سے بغاوت ہے۔ حکومت کا خاتمہ جمہوری اصولوں کے مطابق واجب ہوچکا، انقلاب سے حقیقی جمہوریت کو لانا ہے۔ جمہوریت میں افراد نہیں ادارے اور عوام طاقتور ہوتے ہیں۔ موجودہ نظام جمہوریت کے لبادے میں بدترین آمریت ہے۔


خبر کا کوڈ: 402127

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/402127/عمران-خان-ملکر-چلیں-گے-مسائل-حل-ہو-جائیںگے-طاہر-القادری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org