QR CodeQR Code

حماس کا اپنے مقاصد کے حصول تک مزاحمت جاری رکھنے کا اعلان

لاپتہ فوجی کی ہلاکت کی تصدیق، امریکہ ہماری زبردست حمایت کر رہا ہے، نیتن یاہو

3 Aug 2014 10:32

اسلام ٹائمز: امریکی سینیٹ کیجانب سے صیہونی ریاست کے "آئرن ڈوم" دفاعی نظام کو مزید فعال بنانے کیلئے 225 ملین ڈالر کی امداد کی منظوری پر صیہونی وزیراعظم نے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ صیہونی حکومت کی زبردست حمایت کر رہا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ صیہونی حکومت کی وحشیانہ کارروائیوں کو عالمی برادری روکنے میں ناکام دکھائی دے رہی ہے۔ صیہونی وزیراعظم کا کہنا ہے کہ انھیں امریکہ کی بھرپور حمایت حاصل ہے۔ صیہونی وزیراعظم نے اگلے 48 گھنٹوں میں غزہ سے فوج نکالنے اور سرحدی علاقوں میں مزید فوج تعینات کرنے کا اعلان کر دیا۔ جنگ بندی کا کوئی وعدہ وفا نہیں ہوتا۔ دن ہو یا رات صیہونی فوج جب چاہتی ہے معصوم فلسطینیوں پر بم باری شروع کر دیتی ہے۔ رات گئے خان یونس میں فضائی حملے میں 4 فلسطینی شہید ہوگئے۔ اقوام متحدہ کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اب تک جاں بحق ہونے والے فلسطینیوں میں 296 بچے شامل ہیں، ان میں سے 203 بچوں کی عمر 12 سال سے بھی کم تھی۔ ادھر صیہونی فوج نے دور وز قبل لاپتہ ہونے والے فوجی کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے۔ صیہونی حکومت نے حماس پر اپنے فوجی کی گرفتاری کا الزام عائد کیا تھا، جبکہ صیہونی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے کہا ہے کہ صیہونی فوج اپنے شہریوں کے تحفظ کی خاطر امن بحال کرنے کے لیے کام کرتی رہے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل سرنگیں تباہ کرنے کے بعد بھی غزہ کی جنگ کو برقرار رکھنے کے لیے تیار ہے۔
 
امریکی سینیٹ کی جانب سے صیہونی ریاست کے "آئرن ڈوم" دفاعی نظام کو مزید فعال بنانے کے لیے 225 ملین ڈالر کی امداد کی منظوری پر صیہونی وزیراعظم نے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ صیہونی حکومت کی زبردست حمایت کر رہا ہے۔ دوسری جانب حماس کے ترجمان نے اپنے مقاصد کے حصول تک مزاحمت جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ صیہونی فوج کے ترجمان کے مطابق صیہونی فوج غزہ میں حماس کی سرنگیں ختم کرنے کے قریب پہنچ گئی ہے۔ جس کے بعد شمالی غزہ کے کچھ علاقوں کو فوجی دستوں نے خالی کر دیا ہے۔ جس کے بعد رفحہ کے شہری کھانے پینے کی اشیاء خریدنے کے لیے گھروں سے نکلے۔ دوسری جانب جنگ بندی کے لیے مصر میں ہونے والے مذاکرات میں صیہونی حکومت اور حماس نے شرکت سے انکار کر دیا ہے، تاہم فلسطینی وفد قاہرہ پہنچ گیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 402757

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/402757/لاپتہ-فوجی-کی-ہلاکت-تصدیق-امریکہ-ہماری-زبردست-حمایت-کر-رہا-ہے-نیتن-یاہو

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org