QR CodeQR Code

بات چیت کا وقت ختم، کارکنان 14 اگست کو ہر صورت اسلام آباد پہنچیں گے، شیریں مزاری

3 Aug 2014 16:34

اسلام ٹائمز: اسلام آباد پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی کی ترجمان کا کہنا تھا کہ حکومت سے کوئی بیک ڈور رابطہ نہیں ہوا، تاہم مطالبات کو جائز ماننے والوں سے مذاکرات کرینگے، پرویز رشید اور چوہدری نثار کی دھمکیوں سے ڈرنے والے نہیں۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کی ترجمان شیریں مزاری نے کہا ہے کہ مذاکرات کے لئے تیار ہیں لیکن حکومت ڈس انفارمیشن پھیلا رہی ہے۔ کہتی ہیں کہ مسلم لیگ نون کارکنوں اور رہنماوں کو دھمکی آمیز پیغامات بھیج رہی ہے، کارکنان چودہ اگست کو ہر صورت اسلام آباد پہنچیں گے۔ اسلام آباد میں اسد عمر اور دیگر رہنماوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیریں مزاری نے کہا کہ ہمارا پروگرام احتجاج کرنا ہے کچھ ہوا تو حکومت ذمہ دار ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ بات چیت کا وقت ختم ہوگیا ہے، اب فیصلہ چودہ اگست کو عوام اسلام آباد کی سڑکوں پر کریں گے۔ شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ حکومت کی نیت خراب ہے، پرویز رشید اپنی جماعت کو بچائیں، انہوں نے واضح کیا کہ حکومت سے کوئی بیک ڈور رابطہ نہیں ہوا، تاہم مطالبات کو جائز ماننے والوں سے مذاکرات کرینگے۔ شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے اسمبلیوں میں مختلف بل پیش کئے، مگر عمل درآمد نہیں ہوسکا، ان کا کہنا تھا کہ پرویز رشید اور چوہدری نثار کی دھمکیوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں، اس موقع پر اسد عمر نے کہا کہ حکمران جمہوریت کا نہیں فیملی لمیٹڈ کمپنی کا دفاع کر رہے ہیں، جعلی مینڈیٹ والی حکومت تبدیلی نہیں لاسکتی، اصل جمہوریت میں اختیارات عوام کے پاس ہوتے ہیں، انہوں نے کہا کہ ہمیں جمہوریت کا درس دینے والے پارلیمینٹ میں سنجیدہ نہیں، اسمبلی میں کئی بل جمع کراوائے لیکن حکومت نے ایجنڈے سے غائب کرا دیئے۔


خبر کا کوڈ: 402774

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/402774/بات-چیت-کا-وقت-ختم-کارکنان-14-اگست-کو-ہر-صورت-اسلام-آباد-پہنچیں-گے-شیریں-مزاری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org