0
Monday 4 Aug 2014 14:35

کراچی، 173 ماتحت عدالتیں کرائے کی جگہوں پر قائم کرنے کا فیصلہ

کراچی، 173 ماتحت عدالتیں کرائے کی جگہوں پر قائم کرنے کا فیصلہ
اسلام ٹائمز۔ حکومت سندھ کراچی شہر میں نئی عدالتوں کے قیام کیلئے زمین تلاش کرنے میں ناکام ہوگئی لہذا عدالت عالیہ نے عدالتوں کیلئے کرائے پر جگہ حاصل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق شہر کی بڑھتی ہوئی آبادی اور مقدمات کے دباؤ کی وجہ سے نئی عدالتوں کے قیام کیلئے سندھ ہائی کورٹ کرائے پر جگہ حاصل کرے گی، صوبائی محکمہ خزانہ نے فی عدالت ایک لاکھ روپے سالانہ کرایہ پر جگہ حاصل کرنے کی اصولی منظوری دیدی ہے، حکومت سندھ نے ہائیکورٹ کی سفارش پر کراچی سمیت سندھ بھر میں 173 نئی ماتحت عدالتیں قائم کرنے کی منطوری دی تھی۔ اطلاعات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے صوبائی وزارت قانون کوسندھ میں نئی ماتحت عدالتیں قائم کرنے کیلئے باقاعدہ سفارشات بھیجی گئیں جس میں کراچی کی ماتحت عدالتوں کی تعداد دگنی کرنے کی سفارش کی گئی تھی۔

محکمہ ریونیو سندھ کی رپورٹ کے مطابق کراچی کی 52 ہزار ایکڑ اراضی پر سرکاری ادارے اور لینڈ مافیا قابض ہیں مگر انصاف کی فراہمی کیلئے نئی عدالتوں کیلئے جگہوں کا انتظام حکومت کیلئے امتحان بن گیا اور سندھ حکومت نئی عدالتوں کیلئے اراضی فراہم کرنے میں ناکام رہی، اس صورتحال پر سندھ ہائیکورٹ نے جگہ کرائے پر حاصل کرنے کی تجویز دی تھی۔ حکومت سندھ نے موجودہ مالی سال کے بجٹ میں کرائے پر عدالتوں کی جگہ حاصل کرنے کیلئے رقم مختص کی ہے۔ صوبائی حکومت ماتحت عدالتوں میں 3 مراحل میں اضافہ کرے گی، آئندہ 3 برسوں میں ماتحت 173 عدالتوں کا اضافہ کیا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں 730 ججز اور عدالتی عملے کی تقرری کیلیے اشتہار بھی شائع کر دیا گیا ہے۔

کراچی کے 5 اضلاع سمیت 8 اضلاع میں 58 ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج، سینئر سول جج اور سول ججز تعینات کئے جائیں گے، نئی تقرریوں میں کراچی جنوبی میں 2 ایڈیشنل سیشن جج، 3 سینئر سول جج، کراچی غربی میں 5 ایڈیشنل سیشن جج، 10 سینئر سول جج اور 15 سول جج، کراچی شرقی میں 6 ایڈیشنل سیشن جج، ایک سینئر سول جج، 3 سول جج، کراچی وسطی میں ایک سینئر سول جج، کراچی ملیر میں 3 ایڈیشنل سیشن جج، 3 سول جج، حیدرآباد میں 2 ایڈیشنل سیشن جج، 2 سینئر سول جج، نوشہرو فیروز میں 2 ایڈیشنل سیشن جج اور خیرپور میں ایک ایڈیشنل سیشن جج اور 672 عدالتی عملہ شامل ہے۔
 
3 مراحل میں مجموعی طور پر 173 جج تعینات کئے جائیں گے جن میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی 49، سینئر سول جج کی 51 اور جوڈیشل مجسٹریٹس کی 73 عدالتیں شامل ہوں گی۔ سندھ بھر میں اس وقت 446 ماتحت عدالتیں کام کر رہی ہیں جن میں 27 سیشن کورٹ، ایڈیشنل سیشن جج کی 95 ، سینئر سول جج کی 86 اور سول جج اور جوڈیشل مجسٹریٹس کی 238 عدالتیں شامل ہیں۔ سندھ ہائیکورٹ نے ماتحت عدالتوں میں اضافے کی سفارشات بڑھتی آبادی اور مقدمات کی تعداد میں تیزی سے اضافے کے باعث بھیجی تھیں، وکلاء تنظیمیں بھی عدالتوں کی تعداد میں اضافے کا مطالبہ کرتی رہی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 402941
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش