QR CodeQR Code

آئی بی کالونی سے گرفتار ٹارگٹ کلر شمشاد کے اہم انکشافات

کراچی، گرفتار دہشتگرد سیاسی تنظیم کے اہم رہنماء کے حکم پر ٹارگٹ کلنگ کرتا تھا، سندھ رینجرز

شرافت کا لبادہ اوڑھے نام نہاد سیاسی رہنماء کا اصل چہرہ جلد عوام کے سامنے لائیں گے

4 Aug 2014 16:27

اسلام ٹائمز: ترجمان سندھ رینجرز نے پریس کانفرنس میں انکشاف کیا کہ خطرناک ٹارگٹ کلر شمشاد کا تعلق کراچی کی ایک سیاسی جماعت سے ہے، شمشاد ٹارگٹ کلرز کی ٹیم کا سربراہ ہے، ایک اہم سیاسی رہنما کا دست راست ہے۔


اسلام ٹائمز۔ اہم سیاسی شخصیت کے حکم پر لوگوں کو موت کے گھاٹ اتارنے والا ٹارگٹ کلر گرفتار کرلیا گیا ہے، سندھ رینجرز کی جانب سے جاری بیان میں انکشاف کیا گیا ہے کہ گزشتہ رات کارروائی کے دوران خطرناک ٹارگٹ کلر شمشاد کو گرفتار کیا گیا، جس کا تعلق سیاسی جماعت سے ہے۔ ترجمان رینجرز نے پریس کانفرنس کے دوران اہم اور سنسنی خیز انکشافات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ دنیا کے سامنے شرافت کا لبادہ اوڑھے نام نہاد سیاسی رہنماء کا اصل چہرہ جلد عوام کو دیکھایا جائے گا، شمشاد ایک سیاسی رہنما کا دست راست ہے، جس نے سیاسی رہنما کے حکم پر کئی جرائم کئے۔ ترجمان رینجرز کا مزید کہنا تھا کہ تفتیش میں شمشاد نے 12 افراد کی ٹارگٹ کلنگ کا اعتراف کیا ہے، ٹارگٹ کلر کے ہاتھوں نشانہ بننے والوں میں تین پولیس اہلکار بھی شامل ہیں، گزشتہ رات پی آئی بی کالونی میں کارروائی کے دوران گرفتار ملزم شمشاد نے اہم انکشافات کیے ہیں، تفتیش کا دائرہ تنظیم کے اہم رہنما تک بڑھایا جائے گا۔

رینجرز کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ سیاسی رہنما کا اصل چہرہ عوام کو دکھایا جائے گا، ملزم شماد علی ٹارگٹ کلرز کی ٹیم کا سربراہ ہے، شمشاد علی کے حکم پر 35 افراد کو قتل کیا گیا، قتل کے مقدمات مختلف تھانوں میں درج ہیں، شمشاد علی قتل کے علاوہ بھتہ خوری میں بھی ملوث ہے، ملزم بھتے کی رقم سیاسی تنظیم کے اہم رہنما کو پہنچاتا رہا۔ رینجرز نے مزید انکشاف کیا کہ ملزم شمشاد علی بلدیہ عظمیٰ کراچی کا ملازم ہے، ملزم بلدیہ عظمیٰ سے رقم غبن کر کے سیاسی شخصیات کو پہنچاتا رہا، ملزم نے ایک مظاہرے کے دوران پولیس موبائل بھی جلائی، تفتیش میں مزید اہم انکشافات متوقع ہیں۔


خبر کا کوڈ: 402971

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/402971/کراچی-گرفتار-دہشتگرد-سیاسی-تنظیم-کے-اہم-رہنماء-حکم-پر-ٹارگٹ-کلنگ-کرتا-تھا-سندھ-رینجرز

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org