0
Monday 4 Aug 2014 22:17

مسلم لیگ (ن) کے درپردہ دہشتگردوں سے رابطے ہیں، الیاس صدیقی

مسلم لیگ (ن) کے درپردہ دہشتگردوں سے رابطے ہیں، الیاس صدیقی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان کے صوبائی ترجمان الیاس صدیقی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے آزادی مارچ اور پاکستان عوامی تحریک کے انقلاب مارچ سے پہلے ہی لیگی قائدین ایک لاعلاج بیماری کا شکار ہو گئے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے وفاقی وزراء اور صوبائی قائدین بدحواس ہوکر ہذیان بول رہے ہیں۔ جعلی مینڈیٹ سے اقتدار کی کرسی پر قبضہ جمانے والوں کو اپنا مستقبل خطرے میں نظر آ رہا ہے جس سے ان کی نیندیں حرام ہو چکی ہیں۔ وحدت مسلمین پورے پاکستان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کی حامی ہے جبکہ نون لیگ کی خواہش تھی کہ دہشت گردوں کو پارلیمنٹ تک رسائی دے۔ خدا کا شکر ہے کہ پاک افواج نے ان کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا اور بروقت آپریشن شروع کیا جس کی ہم مکمل حمایت کرتے ہیں۔ وفاقی حکومت کو تو پتہ ہی نہیں تھا کہ پاک افواج نے دہشت گردوں کے خلاف شمالی وزیرستان میں آپریشن شروع کیا ہے تبھی تو آپریشن شروع ہونے کے دو دن بعد ٹوٹی پھوٹی پریس کانفرنس میں بادل ناخواستہ آپریشن کی حمایت کا اعلان کیا گیا۔ کون نہیں جانتا کہ مسلم لیگ نون نے سعودی شہزادوں کی ناجائز دولت سے پاکستانی عوام کا مینڈیٹ چرایا اور اگر یہ مینڈیٹ جعلی نہیں ہے تو چند حلقوں میں ووٹوں کی تصدیق سے کیوں گھبراتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان میں نون لیگ کا کوئی مستقبل نہیں ہے کیونکہ جب بھی یہ جماعت برسراقتدار آئی ہے گلگت بلتستان کے عوامی حقوق پر شب خون مارا گیا ہے۔ اس جماعت کے درپردہ دہشت گردوں سے مسلسل رابطے ہیں، وقت آنے پر ثبوت بھی فراہم کردیں گے۔ محب وطن جماعتوں پر الزامات لگا کر نون لیگ کی قیادت سعودی شہزادوں کی نمک حلالی کر رہی ہے اور یہاں کے عوام پاکستان کو عیاش عرب شہزادوں کی کالونی بننے نہیں دیں گے۔ ماڈل ٹائون کا جانگداز واقعہ جس میں کئی پرامن شہریوں کی ہلاکت ہوئی ان کے منہ پر طمانچہ ہے۔ کتنی ستم ظریفی کی بات ہے کہ اس ریاستی دہشت گردی کی کوئی ذمہ داری لینے کو بھی تیار نہیں۔ گلگت بلتستان کے حوالے سے اس سازشی جماعت کے دعوے جھوٹ پر مبنی ہیں، پچھلے ایک سال سے لیپ ٹاپ کا جھانسہ دیا جا رہا ہے اور نہ کسی طالبعلم کی فیس معاف کی گئی ہے۔ گلگت بلتستان کی پوری عوام جانتی ہے کہ کس نے فرقہ واریت کے خاتمے کیلئے سنجیدہ اقدامات کیے، کسی سے پوشیدہ نہیں کہ وحدت مسلمین نے پورے علاقے کی تنظیموں اور انجمنوں کو ایکشن کمیٹی کے پلیٹ فارم پر یکجا کرنے کیلئے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کیا جبکہ مسلم لیگ نون اور برسر اقتدار صوبائی پارٹی نے ایکشن کمیٹی کی مخالفت کر کے فرقہ واریت کو ہوا دینے کی بھرپور کوشش کی۔

صوبائی ترجمان نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کے دن گنے جا چکے ہیں، ان کی اقتدار کی کشتی بھنور میں پھنس چکی ہے اور باہر نکلنے کیلئے کوئی راہ حل انہیں نظر نہیں آ رہا ہے۔ یہ حکومت چند دنوں کی مہمان ہے گلگت بلتستان کے غیور عوام انقلاب مارچ میں بھرپور شرکت کر کے ظالم حکومت سے اقتدار چھین کر صحیح معنوں میں عوامی نمائندوں کے حوالے کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 403024
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش