QR CodeQR Code

یوم شہداء کے بعد یوم انقلاب کی تاریخ کا اعلان کیا جائیگا

31 اگست تک حکمرانوں کے اقتدار کا سورج غروب ہوجائیگا، ڈاکٹر طاہر القادری

10 اگست کے یوم شہداء پر فوجی جوانوں کو بھی یاد رکھا جائیگا

6 Aug 2014 18:37

اسلام ٹائمز: لاہور میں پریس کانفرنس میں ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ دس اگست صرف ماڈل ٹاؤن کے شہداء کا دن نہیں ہے بلکہ اُس سے زیادہ یہ پاک فوج کے ان شہداء کا دن ہے جو ضرب عضب میں شہید ہوئے۔ اس موقع پر اُنکے ساتھ پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین اور مجلسِ وحدت مسلمین کے رہنما بھی موجود تھے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے واضح اعلان کیا ہے کہ اکتیس اگست تک موجودہ حکمرانوں کے اقتدار کا سورج غروب ہوجائے گا۔ انقلابی تحریک کو دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔ لاہور میں چوہدری شجاعت حسین اور دیگر ہم خیال جماعتوں کے رہنماوٴں کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے طاہرالقادری نے کہا کہ قتل و غارت گری اور جھوٹ پر قائم حکومت کے اقتدار کا خاتمہ انتہائی قریب ہے۔ ملک میں بادشاہت قائم کرکے غریبوں کا اربوں روپیہ لوٹا جا رہا ہے۔ طاہرالقادری نے کہا کہ جو حکمران انسانوں کو حقوق دینے کو تیار نہیں وہ کس جمہوریت کے ڈی ریل ہونے کی بات کر رہے ہیں۔ کچھ حکومتی وزراء اقتدار کے خاتمے کی سرتوڑ کوششیں کر رہے ہیں۔ عوامی تحریک کے سربراہ کا کہنا تھا کہ منی لانڈرنگ کیس میں انہیں پھنسانے کی حکومتی سازش بری طرح ناکام ہوگئی ہے۔ ایف آئی اے نے تحقیقات کے بعد وفاق کو رپورٹ ارسال کی ہے کہ پوری دنیا میں ایک روپے کی منی لانڈرنگ ثابت نہیں ہو سکی۔ طاہر القادری کا کہنا تھا کہ یوم شہداء کے بعد یوم انقلاب کی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا لیکن اسی ماہ کے اختتام تک حکومت کا جانا ٹھہر گیا ہے۔  

دیگر ذرائع کے مطابق ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ مڈٹرم انتخابات کے ڈھونگ کو مانیں گے نہ ہی ہونے دینگے۔ صرف انقلاب مسائل کا حل ہے۔ چوہدری شجاعت کہتے ہیں کہ جس جمہوریت میں لوگ خودکشیاں کریں وہ اس کو نہیں مانتے۔ چوہدری شجاعت حسین کی رہائش گاہ پر عوامی تحریک، مسلم لیگ قائداعظم اور دیگر اتحادیوں کی مشاورتی ملاقات میں یوم شہداء اور انقلاب مارچ کا جائزہ لیا گیا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کی قیادت میں تمام اتحادیوں نے اتفاق کیا ہے کہ انقلاب ہی مسائل کا واحد حل ہے۔ طاہر القادری نے میڈیا سے گفتگو میں مڈٹرم انتخابات کے مطالبے کو ڈھونگ قرار دیدیا۔ طاہر القادری نے یوم شہداء کے پرامن ہونے کی گارنٹی دیتے ہوئے اسے سانحہ ماڈل ٹاون کے شہداء کے ساتھ ساتھ ضرب عضب آپریشن کے شہداء سے بھی منسوب کر دیا۔ انکا کہنا تھا کہ کارکن اس وقت تک پرامن رہیں گے، جب تک ان پر حملے نہیں ہوں گے۔ 
اس موقع پر چوہدری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ ایک وقت کہا گیا تھا کہ اسلام کو خطرہ ہے آج کہا جا رہا ہے کہ جمہوریت کو خطرہ ہے اسلام آباد بھی قائم رہا اور جمہوریت بھی قائم رہے گی۔ اگر دو وقت کی روٹی کے لئے بچے پیچنا پڑیں، بے روزگاری سے تنگ آکر لوگ خودکشیاں کریں تو وہ ایسی جمہوریت کو نہیں مانتے۔ ڈاکٹر طاہر القادری اور دیگر اتحادیوں نے ایک بار پھر انقلاب مارچ کی تاریخ تو نہیں بتائی، تاہم کہا ہے کہ اکتیس اگست سے پہلے انقلاب مارچ ہو کر رہے گا اور یکم ستمبر 2014ء کو نواز شریف، شہباز شریف حکمران نہیں رہیں گے، تاہم طاہرالقادری نے عمران خان سے گذشتہ دنوں ملاقات کے سوال پر جواب دینے انکار کر دیا۔ 


خبر کا کوڈ: 403403

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/403403/31-اگست-تک-حکمرانوں-کے-اقتدار-کا-سورج-غروب-ہوجائیگا-ڈاکٹر-طاہر-القادری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org