0
Thursday 7 Aug 2014 21:39

پنجاب حکومت کربلا کے راہیوں کا راستہ نہیں روک سکتی، علامہ راجہ ناصر عباس

پنجاب حکومت کربلا کے راہیوں کا راستہ نہیں روک سکتی، علامہ راجہ ناصر عباس
اسلام ٹائمز۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کا لہو ابھی تک خشک نہیں ہوا۔ حکمران دوسری دفعہ مقتل گاہ سجانے کی تیاری کر رہے ہیں۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کی ایف آئی آر ابھی تک درج نہیں ہوئی جبکہ دوسری طرف علامہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی تقریر کو متنازعہ بنا کر جھوٹے مقدمات درج کیے جا رہے ہیں اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ پرامن احتجاج عوام کا بنیادی حق ہے اور نہتے پرامن عوام کو ہراساں کرنے والوں نے کشمیر پر مسلط، غاصب انڈین آرمی کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے خواتین ونگ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ انقلاب مارچ کو ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے نہیں روکا جا سکتا۔ ہم پنجاب حکومت کی طرف سے ظلم اور بربریت کی صورت میں گلگت بلتستان سے لیکر کراچی اور گوادر کے ساحل تک سڑکوں اور چوراہوں پر دھرنے دیں گے اور پورا پاکستان جام کر دیں گے۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ جمہوریت کے نام پر بدترین آمرانہ رویہ اپنایا جا رہا ہے، جو جمہوریت کے ماتھے پر کلنک کا ٹیکہ ہے، علامہ طاہر القادری اور یوم شہداء میں شمولیت کے لئے آنے والوں کو کسی بھی قسم کے نقصان کا ذمہ دار موجودہ حکمران ہوں گے۔ دہشت گردوں اور ان کے سپورٹروں کے پیسوں کے بے دریغ استعمال سے اقتدار پر قابض ہونے والوں کے دن گنے جا چکے ہیں، استحصالی نظام کے خاتمے تک پاکستانی عوام چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ چینیوٹ، جھنگ، فیصل آباد، ملتان، بہاولنگر، سرگودھا اور پنجاب کے کئی اضلاع میں چادر اور چاردیواری کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے ہمارے کارکنوں کے گھروں پر چھاپے جاری ہیں پنجاب حکومت ہوش کے ناخن لے اور عوام کے درمیان تصادم کا منصوبہ ترک کرے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس عوام کے خلاف ظلم اور بربریت سے اجتناب کرے کیونکہ یہ پولیس ریاست کی ملازم ہے نہ کہ شریف فیملی کی۔ انہوں نے کہا کہ یوم شہداء پر ہمارے کارکنان شریک ہوں حکومت یوم شہداء سے پہلے انقلاب مارچ کے لیے مجبور نہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دفتر کا محاصرہ پنجاب حکومت کا اوچھا ہتھکنڈا ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت اپنے ان اوچھے ہتھکنڈوں سے کربلا کے راہیوں کا راستہ نہیں روک سکتی، ہم سرپر کفن باندھ کر نکلے ہیں اور منزل پر پہنچ کر ہی دم لیں گے۔
خبر کا کوڈ : 403602
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش