0
Thursday 7 Aug 2014 22:56

پولیس نے ادارہ منہاج القرآن کا محاصرہ کر لیا، پنجاب بھر سے سینکڑوں کارکن گرفتار

پولیس نے ادارہ منہاج القرآن کا محاصرہ کر لیا، پنجاب بھر سے سینکڑوں کارکن گرفتار
اسلام ٹائمز۔ لاہور پولیس نے ادارہ منہاج القرآن کا محاصرہ کر لیا اور ماڈل ٹاؤن ایم بلاک میں واقع منہاج القرآن سیکرٹریٹ اور پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی رہائش گاہ کو جانے والے تمام راستے کنٹینر اور خار دار تاریں لگا کر سیل کر دیئے ہیں۔ پولیس کی بھاری نفری بھی ایم بلاک کی مختلف شاہراہوں پر تعینات کر دی گئی ہے جبکہ پاکستان عوامی تحریک کے لاٹھ بردار کارکن اور خواتین نے ڈاکٹر طاہرالقادری کے رہائش کو حفاظتی حصار میں لے رکھا ہے۔ آج پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر مراد راس کے ہمراہ ڈاکٹر طاہرالقادری سے ملاقات کرنے کے لئے آئے تو پولیس نے انہیں برکت مارکیٹ کے قریب روک لیا اور آگے جانے کی اجازت نہ دی، بعدازاں مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین اور سابق وزیراعلیٰ  پنجاب چودھری پرویز الٰہی بھی پہنچ گئے جنہیں پولیس نے آگے جانے کی اجازت نہ دی تاہم شہریوں کی کثیر تعداد جمع ہونے اور کسی خطرناک صورت حال کے پیش نظر اعلیٰ پولیس حکام نے رہنماؤں کو ڈاکٹر طاہرالقادری سے ملنے کی اجازت دیدی۔

دوسری جانب پنجاب پولیس نے صوبے کے مختلف شہروں سے پاکستان عوامی تحریک کے سیکڑوں کارکنوں کو گرفتار کر لیا ہے۔  ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت کی ہدایت پر پولیس نے صوبے بھر میں پاکستان عوامی تحریک کے رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے۔ ملتان پولیس نے 16 ایم پی او ایکٹ کے تحت 6 افراد کو حراست میں لے لیا ہے جبکہ سینٹرل جیل ملتان مختلف اضلاع سے پاکستان عوامی تحریک کے 8 رہنماؤں کو نظر بند کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ فیصل آباد، ساہیوال، وہاڑی، منڈی بہاؤالدین، مظفر گڑھ، بہاولپور، گوجرانوالہ اور شیخوپورہ سے بھی 200 سے زائد رہنما اور کارکنوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے 10 اگست کو یوم شہدا منانے کا اعلان کرتے ہوئے کارکنوں کو لاہور آنے کی ہدایت کی ہے۔
خبر کا کوڈ : 403618
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش