QR CodeQR Code

سپاہِ انقلاب کا راستہ روکنا حکمرانوں کے بس میں نہیں

طاہر القادری کی اذانِ انقلاب پر پوری قوم لبیک کہے گی، صاحبزادہ حامد رضا

8 Aug 2014 20:59

اسلام ٹائمز:جامعہ رضویہ میں سنی اتحادکونسل کی کورکمیٹی کے اجلاس سے خطاب میں چیئرمین کونسل کا کہناتھاکہ انقلاب کا سو رج چمکے گا تواسکی روشنی ہر کچے گھر تک پہنچے گی۔ملک کو بے رحم اور مفاد پرست حکمرانوں کے شکنجے سے آزاد کروائیں گے اور نظام اور امام بدل کر دم لیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ چیئرمین سنی اتحاد کونسل پاکستان صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ حکومتی رکاوٹوں اور گرفتاریوں کے باوجود یوم شہداء کامیاب بنائیں گے، ڈاکٹر طاہر القادری کا محاصرہ غیر جمہوری رویہ ہے، طاہرالقادری کی اذانِ انقلاب پر پوری قوم لبیک کہے گی، سپاہِ انقلاب کا راستہ روکنا حکمرانوں کے بس میں نہیں، حکمران طاقت کا استعمال کر کے اپنے پاؤں پر کلہاڑا مار رہے ہیں، عوامی انقلاب ملک و قوم کیلئے باعث رحمت و برکت ہو گا۔ ’’ابھی نہیں توکبھی نہیں‘‘ کا جذبہ لے کر کشتیاں جلا کر مید ان میں اترے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ریاست اور حکمران سیاست بچانے کی جدوجہد کر رہے ہیں، حکمران انقلاب کے متوالوں کے جوش و جذبہ سے خوفزدہ ہیں، انقلاب آنے کے بعد پاکستان اشرافیہ کا نہیں پاکستانیوں کا ہو جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ رضویہ میں سنی اتحاد کونسل کی کور کمیٹی کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ جعلی جمہوریت نے جمہور کو ذلت اور اذیت سے دوچار کررکھا ہے۔صاحبزادہ محمد حامد رضا نے مزید کہا کہ ملک میں حقیقی جمہوریت ہوتی تو سانحہ لاہور پر وزیر اعلی پنجاب فوری مستعفٰی ہوجاتے،قاتل حکمران نمونہ عبرت بننے والے ہیں،عوامی طاقت سے متکبر حکمرانوں کو جھکنے پر مجبور کردیں گے،مسلم لیگ ن بے رحمانہ لوٹ مار کو جمہوریت کے فیوض و برکات سمجھتی ہے۔انقلاب کا سو رج چمکے گا تواسکی روشنی ہر کچے گھر تک پہنچے گی۔ملک کو بے رحم اور مفاد پرست حکمرانوں کے شکنجے سے آزاد کروائیں گے اور نظام اور امام بدل کر دم لیں گے۔انقلاب کے فیصلہ کن معرکہ میں شکست حکمرانوں کا مقدر بنے گی جبکہ عوام سر خرو اور فاتح ہونگے۔بنجر اور بانجھ جمہوریت کو ختم کرکے قوم کو حقیقی جمہوریت کا تحفہ دیں گے۔طاہر القادری کے انقلابی لائحہ عمل کی عوامی پذیرائی کا جادو سر چڑھ کر بول رہا ہے۔انقلاب مارچ تاریخ کے دھاڑوں کا رخ موڑ دے گا۔


خبر کا کوڈ: 403743

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/403743/طاہر-القادری-کی-اذان-انقلاب-پر-پوری-قوم-لبیک-کہے-گی-صاحبزادہ-حامد-رضا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org