QR CodeQR Code

ضرورت پڑی تو پورے بلتستان کو جام کر دیں گے، آغا مظاہر حسین موسوی

ایم ڈبلیو ایم بلتستان تحصیل سطح پر سانحہ ماڈل ٹاون کے شہداء کی یاد میں کل قرآن خوانی کریگی

9 Aug 2014 19:41

اسلام ٹائمز: ایم ڈبلیو ایم گلگت بلتستان کے رہنماء نے کہا ہے کہ جعلی مینڈیٹ سے برسر اقتدار آنیوالی حکومت سے یہی توقع کی جاسکتی تھی کہ وہ اپنے ہی عوام پر گولیاں برسائے اور پوری ریاست کو یرغمال کرے۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان  بلتستان ڈویژن کا ایک ہنگامی اجلاس ڈویژنل سیکرٹریٹ میں  منعقد ہوا، جس میں  ڈویژنل سیکرٹری جنرل علامہ آغا علی رضوی کے علاوہ صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل آغا مظاہر حسین الموسوی، شیخ احمد علی نوری کے علاوہ ڈویژنل عہدیداران اور کارکنان نے شرکت کی۔ اجلاس میں  ملکی صورتحال اور ملک بھر موجودہ حکومت کی ریاست اور عوام دشمن پالیسیوں  اور ہتھکنڈوں  کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ آغا مظاہر حسین موسوی نے کہا کہ نواز شریف حکومت نے بدمعاشی کی آخری حد پار کرلی ہے اور عوامی تحریک کے نہتے کارکنان پر حملہ کرکے عوام دشمنی پر مہر تصدیق ثبت کر دی ہے۔ انہوں  نے کہا کہ نواز حکومت تخت لاہور کو سرکتے دیکھ کر بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی ہے اور لاہور اس وقت غزہ کا منظر پیش کر رہا ہے۔ نواز حکومت کی غیر انسانی اور غیر جمہوری حرکتوں  کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ 
انکا کہنا تھا کہ نواز حکومت کی موجودہ خارجہ اور داخلی پالیسی ریاست کی سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔ انہیں  جب تک رائیونڈ کے اونچے محلات سے اٹھا کر عوامی عدالت کے کٹہرے میں  لاکھڑا نہیں  کیا جاتا ملک استحکام کی راہ پر گامزن نہیں  ہوسکتا۔ جعلی مینڈیٹ سے برسر اقتدار آئی حکومت سے یہی توقع کی جاسکتی تھی کہ وہ اپنے ہی عوام پر گولیاں  برسائے اور پوری ریاست کو یرغمال بنائے۔ انہیں  کوئی حق نہیں  کہ مزید اقتدار کی کرسی پر موجود رہیں۔ انہوں  نے کہا کہ ملک میں  جاری مظالم پر مجلس وحدت کی قیادت کے حکم پر ضرورت پڑتی ہے تو پورے بلتستان کو جام کر دیں  گے۔ اجلاس میں  فیصلہ کیا گیا کہ سانحہ ماڈل ٹاون کے شہداء کی ایصال ثواب کے لیے ملک بھر کی طرح  بلتستان میں  بھی ڈویژنل، اضلاع اور تحصیل سطح پر کل قرآنی خانی رکھی جائے گی۔


خبر کا کوڈ: 403895

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/403895/ضرورت-پڑی-پورے-بلتستان-کو-جام-کر-دیں-گے-ا-غا-مظاہر-حسین-موسوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org