0
Tuesday 12 Aug 2014 14:56

صوبہ بھر کے قافلے اٹک کے راستے اسلام آباد جائینگے، سمیع اللہ خان علیزئی

صوبہ بھر کے قافلے اٹک کے راستے اسلام آباد جائینگے، سمیع اللہ خان علیزئی
اسلام ٹائمز۔ چیئرمین ڈیڈک کمیٹی و تحریک انصاف کے ممبر صوبائی اسمبلی نوابزادہ سمیع اللہ خان علیزئی نے کہا ہے کہ پاکستان میں حقیقی جمہوریت کے قیام اور بادشاہت کے خاتمے میں چودہ اگست کاآزادی مارچ سنگ میل کاکردار ادا کریگا۔ ڈیرہ اسماعیل خان کی غیور عوام آزادی مارچ میں بھرپور شرکت کرینگے۔ ان خیالات اظہار انہوں نے تحریک انصاف کے زیراہتمام چودہ اگست آزادی مارچ کے حوالے سے ڈیڈک دفتر سے نکالی جانیوالی موٹرسائیکلوں اور گاڑیوں کی ایک بڑی ریلی کی قیادت کرتے ہوئے کیا۔ ریلی میں انکے والد سابق ممبر صوبائی اسمبلی نوابزادہ حفیظ اللہ خان علیزئی، قدیر جانی، شیخ منیر اختر سمیت حلقہ سٹی ٹو کے مختلف علاقوں کے عمائدین اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ نوابزادہ سمیع اللہ خان علیزئی کا ریلی کے دوران مختلف مقامات پر لوگوں نے گل پاشی کرکے شاندار استقبال کیا۔ لوگوں نے ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے نوابزادہ سمیع اللہ خان علیزئی نے کہا کہ تحریک انصاف کے کارکن اس ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے کسی بھی قربانی دینے کوتیارہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اپنی ذات کی نہیں پاکستان اور جمہوریت کے استحکام و بقاء کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ اس ملک میں مخصوص سیاسی خاندانوں نے جمہوریت کے نام پر اپنی بادشاہت قائم کی ہوئی ہے جس کا خاتمہ اب چند روز کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ چودہ اگست 1947 کو پاکستان آزاد ہوا مگر اس ملک کی عوام پر مخصوص خاندانوں نے قبضہ کر لیا۔ اب تحریک انصاف کا آزادی مارچ عوام کو بھی مخصوص خاندانوں کے چنگل سے نجات دلائیگا۔ انہوں نے کہا کہ چودہ اگست کیلئے ڈیرہ اسماعیل خان سے قافلے لکی مروت اور بنوں کے راستے اپنے مخصوص مقامات تک پہنچیں گے اور صوبہ بھر کے قافلے اٹک کے راستے وفاقی دارالحکومت کی جانب روانہ ہوجائینگے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اہم دور سے گزر رہا ہے۔ مارچ کی کامیابی سے ملک کی ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 404370
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش