0
Tuesday 12 Aug 2014 19:26

متکبر حکمرانوں کی بددماغی ساتویں آسمان کو چھو رہی ہے، صاحبزادہ حامد رضا

حکومت سیاست کا مقابلہ طاقت سے نہیں سیاست سے کر کے جمہوری سوچ کا مظاہرہ کرے
متکبر حکمرانوں کی بددماغی ساتویں آسمان کو چھو رہی ہے، صاحبزادہ حامد رضا
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ حکومت کا کاؤنٹ ڈاؤن شروع ہو چکا ہے۔ انقلاب کے بعد احتساب اور پھر انتخاب ہو گا۔ حکومت لوہے کے کنٹینروں کے پیچھے چھپنے پہ مجبور ہو چکی ہے۔ خاک نشیں محلات نشینوں کے خلاف متحد ہو جائیں۔ انقلاب مارچ کے دوران حکومتی رکاوٹوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ حکمران پاکستان کی ترقی کے راستے کے اسپیڈ بریکر ہیں اس لیے انہیں راستے سے ہٹانا ہو گا۔ خون لیگ کے کاغذی شیر انقلاب مارچ نہیں روک سکتے۔ جعلی جمہوریت کا پردہ چاک ہو چکا ہے۔ طاہرالقادری ذاتی نہیں قومی جنگ لڑ رہا ہے۔ نااہل حکمرانوں نے گیس، بجلی، تیل، سڑکیں اور شہر بند کر دیئے ہیں۔ حکومت عوامی حمایت سے محروم ہو چکی ہے۔ چھ ماہ میں لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا جھوٹ بولنے والوں کی کسی بات پر عوام کو اعتماد نہیں رہا۔ جمہوریت صرف الیکشن کروانے کا نام نہیں۔ انقلاب لا کر عوام کو ان کے چھینے ہوئے حقوق واپس دلائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انجمن طلبائے اسلام، انجمن نوجوانانِ اسلام اور مرکزی جمعیت علمائے پاکستان کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ انقلاب کے متوالے نئے عزم سے بنیادِ سحر رکھیں گے۔ حکومتی درباریوں کے منفی بیانات ان کے ذہنی دیوالیہ پن کی ضمانت ہیں۔ اہل حق ڈرنے، جھکنے، بکنے اور دبنے والے نہیں۔ کنٹینروں کا اتوار بازار سجانے والے کنٹینر برادران بن چکے ہیں۔ ہمارے حکمران نوٹ ہی نہیں ووٹ بھی چرانے کے عادی ہیں۔ پارلیمنٹ ٹیکس چوروں سے بھری ہوئی ہے۔ پورے پنجاب کو نوگو ایریا بنا دیا گیا ہے۔ ملک میں اندھیروں اور بھوک کا راج ہے۔ اب حکمران عوامی غیض و غضب سے نہیں بچ سکتے۔ انقلاب مارچ کا قافلہ چلے گا تو کنٹینروں کی دیواریں ریت کی دیواریں ثابت ہوں گی۔ خاندانی بادشاہت کے علمبرداروں کے خواب چکناچور ہونے والے ہیں۔ پارلیمنٹ کی طاقت پنجاب پولیس کو منتقل کر دی گئی ہے۔ متکبر حکمرانوں کی بددماغی ساتویں آسمان کو چھو رہی ہے۔ جعلی جمہوریت میں ہمیشہ اقتدار ایک کرپٹ ٹولے سے دوسرے کرپٹ ٹولے کو منتقل ہوا ہے۔ حکمران جعلی جمہوریت کے پیچھے پناہ لینے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔ حکومت سیاست کا مقابلہ طاقت سے نہیں سیاست سے کر کے جمہوری سوچ کا مظاہرہ کرے۔ پرامن احتجاج جمہوریت کا حسن اور اپوزیشن کا جمہوری و آئینی حق ہوتا ہے۔ اس حق کو سلب کرنا جمہوریت کی روح کے سراسر منافی ہے۔ حکمران ہوسِ اقتدار میں اندھے ہو چکے ہیں۔ حکومت مخالف آواز کو ریاستی طاقت سے دبانا آمرانہ عمل ہے۔
خبر کا کوڈ : 404401
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش