QR CodeQR Code

غزہ میں اسرائیلی راکٹ ناکارہ بناتے ہوئے دھماکا، اطالوی صحافی سمیت 5 افراد ہلاک

13 Aug 2014 23:12

اسلام ٹائمز: اٹلی نے صحافی کی ہلاکت اور فوٹوگرافر کے زخمی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ 35 سالہ صحافی سیمون کیلی 2005 سے خبر رساں ایجنسی ( اے پی ) سے وابستہ تھا۔


اسلام ٹائمز۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل کی جانب سے فائر کیا گیا نہ پھٹنے والا راکٹ ناکارہ بنایا جا رہا تھا جس کی کوریج کے لئے اطالوی صحافی فوٹو گرافر سمیت مصروف تھا کہ اچانک راکٹ دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں بم ڈسپوزل اسکواڈ کے عملے اور اطالوی صحافی سمیت 5 افراد موقع پر ہلاک جبکہ 6 زخمی ہو گئے، زخمیوں میں ایک مقامی فوٹوگرافر بھی شامل ہے جس کی حالت بدستور تشویشناک ہے۔ وزارت داخلہ کے ترجمان کے مطابق غزہ کے علاقے بیت لاہیا میں بم ڈسپوزل اسکواڈ کے عملے کے اراکین سمیت اطالوی صحافی بھی ہلاک ہوا، جبکہ زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں تمام زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ دوسری جانب اٹلی نے صحافی کی ہلاکت اور فوٹوگرافر کے زخمی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ 35 سالہ صحافی سیمون کیلی 2005 سے خبر رساں ایجنسی ( اے پی ) سے وابستہ تھا جبکہ زخمی فوٹوگرافر حطیم موسی دھماکے میں شدید زخمی ہے جو ” اے پی ” کے لئے گزشتہ کئی سالوں سے خدمات انجام دے رہا تھا۔

واضح رہے کہ غزہ میں 8 جولائی سے ہونے والی اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں متعدد راکٹ فائر کئے گئے جن میں سے متعدد پھٹ نہ سکے جنہیں ناکارہ بنانے کا عمل جاری ہے۔


خبر کا کوڈ: 404655

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/404655/غزہ-میں-اسرائیلی-راکٹ-ناکارہ-بناتے-ہوئے-دھماکا-اطالوی-صحافی-سمیت-5-افراد-ہلاک

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org