0
Friday 15 Aug 2014 11:49
ظالم اور جابر حکمرانوں سے نجات کا وقت آگیا

شیعہ اور سنی کا یہ مشترکہ انقلاب مارچ حکمرانوں کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا، علامہ ناصر عباس جعفری

شیعہ اور سنی کا یہ مشترکہ انقلاب مارچ حکمرانوں کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا، علامہ ناصر عباس جعفری
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے قائدین کا قافلہ بھی ہزاروں کارکنوں کے ہمراہ انقلاب مارچ میں شریک ہے۔ ایم ڈبلیو ایم کے قافلے کی قیادت سربراہ ایم ڈبلیو ایم پاکستان علامہ ناصر عباس جعفری کر رہے ہیں۔ قافلے میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ شفقت شیرازی، علامہ احمد اقبال رضوی، علامہ اعجاز بہشتی، علامہ عبدالخالق اسدی سیکرٹری جنرل پنجاب، سید اسد نقوی، علامہ امتیاز کاظمی، علامہ سید جعفر موسوی بھی شریک ہیں۔ قافلے کے دوران ’’اسلام ٹائمز‘‘ سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے علامہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ ہم اس وطن کے جانثار اور وفادار بیٹے ہیں، اس دھرتی کی حفاظت کے لئے ہم جانوں کا نذرانہ پیش کرنے سے دریغ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا یہ مارچ ملک میں آئین کے حقیقی نفاذ کے لئے ہے، ہم نے اپنے 22 ہزار پیاروں کے لاشے اُٹھائے ہیں اور اس کے باوجود ملک میں ہمیشہ امن اور محبت کا درس دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے عوامی اور پرامن احتجاج کی طاقت سے کوئٹہ کے رئیسانی کو اقتدار سے فارغ کیا تھا، انشاءاللہ اسی طرح اس پرامن انقلاب مارچ سے اسلام آباد اور پنجاب کے رئیسانیوں سے اس قوم کو آزاد کرائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ظالم اور جابر حکمرانوں سے نجات کا وقت آگیا اور انشاءاللہ انقلاب مارچ اسلام آباد سے اس وقت لوٹے گا جب ہم ان ظالم اور دہشت گرد حکمرانوں سے نجات حاصل کر لیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ظالم و جابر حکمرانوں کی کنٹینرز سے بنائی گئی دیواریں ریت ثابت ہوئی ہیں اور انقلابیوں نے پولیس کے لگائے گئے کنٹینرز گھسیٹ کر اٹھا مارے ہیں، یہ جذبہ اور درس حریت کربلا کا ہے اور کربلا درس دیتی ہے کہ ظالم کے سامنے ڈٹ جاؤ لیکن اپنا سر نہ جھکاؤ۔ علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ یہ دہشت گرد پاکستان میں شیعہ اور سنی میں تصادم کروا کر اپنے آقاؤں کو خوش کر رہے تھے لیکن آج شیعہ اور سنی ایک ہی صف میں کھڑے ہیں اور شیعہ اور سنی کا یہ مشترکہ انقلاب مارچ حکمرانوں کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 404875
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش