QR CodeQR Code

کشمیری آج بھارتی یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منا رہے ہیں

15 Aug 2014 11:49

اسلام ٹائمز: کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ علاقے میں مکمل ہڑتال ہے، تاکہ عالمی برادری کو یہ باور کرایا جا سکے کہ بھارت نے کشمیریوں کا حق خود ارادیت سلب کر رکھا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ دنیا بھر میں کشمیری آج بھارت کا یوم آزادی یوم سیاہ کے طور پر منا کر دنیا کو یہ پیغام دے رہے ہیں کہ بھارت نے ان کے حق خودارادیت کو سلب کر رکھا ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے بزرگ رہنما سید علی گیلانی نے آج بھارت کے یوم آزادی پر یوم سیاہ منانے کی اپیل کی تھی۔ مقبوضہ وادی میں مکمل ہڑتال ہے اور سڑکوں پر سناٹا ہے۔ یوم آزادی پر بھارتی فورسز کے انتہائی سخت اقدامات کے نتیجے میں مقبوضہ کشمیر فوجی چھاونی میں تبدیل ہو کر رہ گیا ہے۔ آج کشمیر کے دونوں حصوں اور دنیا بھر کے دارالحکومتوں میں کشمیری عوام ریلیوں، مظاہروں اور دیگر تقریبات کا انعقاد کر کے دنیا کو پیغام دیں گے کہ وہ جموں و کشمیر پر بھارتی تسلط کو تسلیم نہیں کرتے۔ حریت کانفرنس کے رہنمائوں کا کہنا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں یوم آزادی کی تقریبات کے انعقاد کا کوئی حق نہیں رکھتا کیونکہ اس نے جموں و کشمیر پر غیر قانونی طور پر قبضہ کر رکھا ہے۔ 

دوسری جانب بھارتی میڈیا کے مطابق راجیہ سبھا میں سوالوں کے جواب دیتے ہوئے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ اس مسئلے کو حل کرنے کیلئے بی جے پی نے اپنے ایجنٹ مقرر نہیں کیے بلکہ بامعنی اور نتیجہ خیز بات چیت کیلئے مرکزی حکومت تیار ہے۔ انہوں نے علیحدگی پسندوں کو تشدد کا راستہ ترک کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت کسی بھی سیاسی جماعت ٖچاہے وہ علیحدگی پسند ہی کیوں نہ ہو کے ساتھ بات چیت کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو صرف بھارتی آئین کے دائرے کے اندر رہ کر ہی حل کیا جا سکتا ہے۔


خبر کا کوڈ: 404876

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/404876/کشمیری-آج-بھارتی-یوم-آزادی-کو-سیاہ-کے-طور-پر-منا-رہے-ہیں

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org