0
Sunday 17 Aug 2014 20:17
اسرائیلی مظالم پر عالم اسلام تماشائی بنا ہوا ہے

بیت المقدس پر اسرائیلی قبضے کو کسی صورت قبول نہیں کیا جائیگا، سراج الحق

بیت المقدس پر اسرائیلی قبضے کو کسی صورت قبول نہیں کیا جائیگا، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ آج غزہ جل رہا ہے اور عالم اسلام میں قبرستان کی طرح خاموشی چھائی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم قبلہ اول کی آزادی کے لیے فلسطینی عوام کے ساتھ ہے۔ کراچی میں غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے منعقدہ "غزہ ملین مارچ" سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اہلیان کراچی کا دل فلسطینی عوام کے لئے دھڑک رہا ہے۔ انہوں نے اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ عالم اسلام میں قبرستان کی طرح خاموشی چھائی ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ غزہ میں اسرائیلی مظالم کیخلاف انہوں نے او آئی سی کے اجلاس کے لئے وزیراعظم نواز شریف، سعودی عرب اور ایران سے درخواست کی لیکن ابھی اجلاس نہیں بلایا گیا۔
سراج الحق نے کہا کہ بیت المقدس پر اسرائیلی قبضے کو کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا اور مسلمان اس کی آزادی کے لیے جان قربان کرنے کیلیے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج لاکھوں کا ہجوم دیکھ کر لوگوں کو عالم اسلام کا حقیقی ایجنڈا معلوم ہوجائے گا۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ غزہ کے متاثرین کے لیے جماعت اسلامی نے پانچ کروڑ روپے اور ایمبولینسیں بجھوائیں ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ صرف اسکول کے بچوں نے فلسطینی عوام کے لیے ایک کروڑ روپے عطیہ کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چند پہاڑوں یا صوبوں کا نام نہیں بلکہ یہ ایک نظریہ اور فلسفہ ہے۔ انہوں نے آرمی چیف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ملک کے سپہ سالار ہیں اور انہوں نے اسی نظریے کی حفاظت کرنی ہے۔ ملک کی سیاسی صورتحال پر انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کی صورتحال پر وہ پریشان ہیں کیونکہ دارالحکومت میں آج لوگوں نے ایک دوسرے کے خلاف مورچے لگائے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ"میں نے کوشش کی کہ تمام سیاسی جماعتوں کو ملا کر اس صورتحال کو بہتر کرنے کی کوشش کی۔ میں نے آصف زرداری، محمود خان اچکزائی، خورشید شاہ اور مولانا فضل الرحمٰن سے رابطہ کیا۔" انہوں نے کہا کہ وہ دعا کرتے ہیں کہ اس معاملے کا ایسا سیاسی حل نکل آئے جس سے اپوزیشن مطمئن ہوجائے کیونکہ وہ نہیں چاہتے کہ ملک میں مارشل لاء آجائے۔

دیگر ذرائع کے مطابق جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق کا کہنا ہے کہ بیت المقدس پر صہیونی قبضہ قبول نہیں، قبلہ اول کی آزادی کیلئے ہم فلسطینی عوام کے ساتھ ہیں۔ غزہ کے بھائیوں کیلئے 5 کروڑ روپے امداد بھیجنے کا اہتمام کیا ہے۔ کراچی میں جماعت اسلامی کے زیراہتمام غزہ ملین مارچ سے خطاب میں سراج الحق کا کہنا تھا کہ آج غزہ کے مسلمان شہید ہو رہے ہیں، لیکن عالم اسلام پر قبرستان کی طرح خاموشی چھائی ہے اور اہل غزہ پر کوئی رونے کو تیار نہیں ہے۔ اسلامی ممالک کے پاس 70 لاکھ سے زائد فوج ہے، لیکن اس کے باوجود اسرائیل کی غزہ پر جارحیت جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے خون کا آخری قطرہ بھی قبلہ اول کی آزادی کیلئے حاضر ہے۔ ہمیں بیت المقدس پر صہیونی قبضہ قبول نہیں ہے۔ قبلہ اول کی آزادی کیلئے ہم فلسطینی عوام کے ساتھ ہیں۔ 
دنیا میں جہاں بھی کہیں مسلمان محکوم اور مظلوم ہیں، ہمیں ان کی آزادی کیلئے مل کر کام کرنا ہے۔ اگر مسلمانوں نے غیرت کا راستہ لیا تو اللہ کی مدد اور نصرت آج بھی ان کے ساتھ ہیں۔ سراج الحق کا کہنا تھا کہ پاکستان چند پہاڑی سلسلوں کا نام نہیں بلکہ ایک فلسفے کا نام ہے۔ میں پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف سے اپیل کرتا ہوں کہ آپ نے اس نظریئے کی حفاظت کیلئے کام کرنا ہے۔ اسلام آباد میں جاری سیاسی صورتحال کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ میرا دل پریشان ہے کیونکہ اسلام آباد میں سیاسی جماعتوں نے ایک دوسرے کیخلاف مورچے بنا لئے ہیں۔ نہیں چاہتا کہ آپس کی لڑائی کی وجہ سے مارشل لا لگ جائے۔ تمام مسائل کا حل آئین کے اندر ہی موجود ہے۔ ایسا نظام بنانا ہوگا، جس میں کسی کا استحصال نہ ہو۔
خبر کا کوڈ : 405269
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش