QR CodeQR Code

صبح کا بھولا شام کو گھر واپس آ جائے تو اسے بھولا نہیں کہتے

سیاسی نظام میں زندہ رہنے کیلئے عمران خان کو سیاسی اندازِ فکر اپنانا ہو گا، شہباز شریف

17 Aug 2014 22:38

اسلام ٹائمز: لاہور سے جاری ایک بیان میں وزیراعلٰی پنجاب کا کہنا تھا کہ عمران خان جمہوریت کی طرف لوٹ آئیں، ورنہ سیاست کی دکان میں ان کے دام اپنی وقعت کھو بیٹھیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان نے احتجاجی سیاست کو آزما کر دیکھ لیا، عوام نے احتجاجی سیاست کو مسترد کرکے اپنی رائے دے دی ہے، سیاسی نظام میں زندہ رہنا ہے تو عمران خان کو سیاسی انداز فکر اپنانا ہو گا۔ لاہور سے جاری بیان میں وزیراعلٰی پنجاب نے کہا کہ پاکستان کے سیاسی نظام میں زندہ رہنا ہے تو عمران خان کو سیاسی انداز فکر اور سیاسی طرزِ عمل اپنانا ہو گا، ان کا کہنا تھا کہ عمران خان جمہوریت کی طرف لوٹ آئیں، ورنہ سیاست کی دکان میں ان کے دام اپنی وقعت کھو بیٹھیں گے۔ شہباز شریف نے مزید کہا کہ صبح کا بھولا شام کو گھر واپس آ جائے تو اسے بھولا نہیں کہتے، عمران خان کو اپنے احتجاجی پروگرام پر نظرثانی کرنا چاہیئے۔

جبکہ دیگر ذرائع کیمطابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیاسی تنازعات کا بہترین حل مذاکرات کی میز پر طے کیا جا سکتا ہے، پاکستان کا مستقبل جمہوریت اور جمہوری نظام سے جڑا ہوا ہے۔ لاہور سے جاری ایک بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ جمہوریت میں فیصلے سڑکوں پر نہیں ہوتے، بلکہ پارلیمنٹ میں ہوتے ہیں۔ مسلم لیگ نون ہمیشہ سیاسی مسائل مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی حامی رہی ہے اور وہ ذاتی طور پر سمجھتے ہیں کہ سیاسی مسائل کو مذاکرات کی میز پر طے کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ نون کی حکومت نے ہمیشہ عوام کے مفاد کو عزیز رکھا اور ان کی بےلوث خدمت کی، اور آئندہ بھی عوام کی خدمت کا سفر جاری و ساری رہے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ عوام نے مسلم لیگ نون کو مینڈیٹ دیا ہے اور مسلم لیگ نون نے خیبر پختونخواہ میں تحریک انصاف کے مینڈیٹ کا احترام کیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 405278

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/405278/سیاسی-نظام-میں-زندہ-رہنے-کیلئے-عمران-خان-کو-انداز-فکر-اپنانا-ہو-گا-شہباز-شریف

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org