0
Thursday 21 Aug 2014 10:37

عزالدین القسام‬ بریگیڈ کا قاہرہ میں ہونیوالے امن مذاکرات سے علیحدہ ہونے کا اعلان

عزالدین القسام‬ بریگیڈ کا قاہرہ میں ہونیوالے امن مذاکرات سے علیحدہ ہونے کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ حماس کے مسلح ونگ نے قاہرہ میں جاری امن بات چیت کے خاتمے کا اعلان کرتے ہوئے عالمی ائیر لائنز کو خبردار کیا ہے کہ وہ اسرائیل کے دارالحکومت تل ابیب کے لیے اپنی پروازیں بند کر دیں۔ عزالدین القسام‬ بریگیڈ کے ترجمان ابو عبیدہ نے ٹی وی پر نشر ایک تقریر میں غیر ملکی ائیر لائنز کو خبردار کرتے ہوئے انہیں جمعرات کی صبح،مقامی وقت چھ بجے کے بعد بن گرون ائیرپورٹ کے لئے پروازیں روکنے پر زور دیا۔ انہوں نے بتایا کہ حماس نے مصر کی مدد سے دیرپا امن کے لیے ہونے والی بات چیت کی کوششوں سے دوری اختیار کر لی۔ حماس کے الاقصی ٹی وی چینل پر نشر بیان میں ابو عبیدہ کا مزید کہنا تھا کہ ہم فلسطینی وفد کو فوری طور پر قاہرہ سے واپس آنے اور دوبارہ وہاں نہ جانے کو کہہ رہے ہیں، آج کے بعد ہم بات چیت کے لئے واپس نہیں جائیں گے اور اس حوالے سے کوئی بھی پیش رفت سود مند نہیں ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ دشمن نے محدود مطالبوں کے بدلے جنگ بندی کا سنہرا موقع گنوا دیا اور آج کے بعد اسے خمیازہ بھگتنا ہو گا۔ 

منگل کو رات گئے غزہ شہر میں ایک عمارت پر اسرائیل کے فضائی حملے میں القسام بریگیڈ کے کمانڈر محمد دیف کی بیوی اور سات مہینے کا بیٹا مارا گیا، حماس کا کہنا ہے کہ دیف زندہ ہیں۔ یاد رہے کہ آٹھ جولائی سے اسرائیل اور حماس کے درمیان جاری تنازعہ میں اب تک 2047 فلسطینی جبکہ 67 اسرائیلی ہلاک ہوئے۔ فلسطینی ایمرجنسی سروسز کے مطابق حالیہ تنازعہ میں 10240 فلسطینی زخمی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 405893
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش