QR CodeQR Code

حکومت مذاکرات کو بامقصد اور نتیجہ خیز بنائے، الطاف حسین

22 Aug 2014 15:09

اسلام ٹائمز: لندن سے جاری ہونیوالے بیان میں ایم کیو ایم کے قائد نے کہا ہے کہ تحریک انصاف اور عوامی تحریک بھی کشادہ دلی کا مظاہرہ کریں اور اس کے ساتھ ساتھ حکومت کو بھی سخت رویہ اختیار کرنے کے بجائے دو قدم آگے بڑھ کر مصالحانہ رویہ اختیار کرنا چاہیے اسی میں ملک کی بہتری، فلاح، بقاء و سلامتی مضمر ہے۔


اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے مذاکرات کے تعطل پر انتہائی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر حکومت کوملک کے امن و استحکام اور جمہوریت کی بقاءکی خاطر معاملات کو بغیر کسی تصادم کے حل کرنے کے لئے پہل کرتے ہوئے دو قدم پیچھے بھی ہٹنا پڑے توحکومت کو اس میں کسی قسم کی شرمندگی محسوس نہیں کرنی چاہیے۔ لندن سے جاری ہونے والے اپنے ایک بیان میں الطاف حسین نے حکومت سے کہا کہ وہ بڑے پن کا مظاہرہ کرے اور کوئی وقت ضائع کئے بغیر پہل کرتے ہوئے مذاکرات کا سلسلہ دوبارہ شروع کرے اور کسی نہ کسی طرح مذاکرات کو بامقصد اور نتیجہ خیز بنائے۔ انہوں نے تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے سربراہوں اور تمام رہنماﺅں سے اپیل کی کہ وہ ملک کی نازک صورتحال کو سامنے رکھیں اور یہ نہ بھولیں کہ ایک طرف مسلح افواج شمالی وزیر ستان میں ملکی تاریخ کی مشکل ترین جنگ میں نبرد آزما ہے اور دوسری جانب بھارت نے پاکستان کی اندرونی صورتحال کو دیکھتے ہوئے اپنی افواج سرحدوں پر جمع کرنے کے ساتھ ساتھ کئی جگہ حملے بھی شروع کر دیئے ہیں جسے مسلح افواج، رینجرز و دیگر سلامتی کے اداروں کے جوان و افسران بھر پور مقابلہ کر کے ناکام بنا رہے ہیں۔الطاف حسین نے کہا کہ ان کی ایک مرتبہ پھر اپیل ہے کہ تحریک انصاف اور عوامی تحریک بھی کشادہ دلی کا مظاہرہ کریں اور اس کے ساتھ ساتھ حکومت کو بھی سخت رویہ اختیار کرنے کے بجائے دو قدم آگے بڑھ کر مصالحانہ رویہ اختیار کرنا چاہیے اسی میں ملک کی بہتری، فلاح، بقاء و سلامتی مضمر ہے۔


خبر کا کوڈ: 406115

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/406115/حکومت-مذاکرات-کو-بامقصد-اور-نتیجہ-خیز-بنائے-الطاف-حسین

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org