QR CodeQR Code

حکمرانوں کی ضد ملک کو مارشل لاء کی طرف دھکیل رہی ہے، علامہ حسن رضا ہمدانی

22 Aug 2014 22:56

اسلام ٹائمز: لاہور پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی رہنما کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں انقلاب مارچ کے لاکھوں شرکاء پرعزم ہیں، اگر انہیں کئی ہفتے بھی کیوں نہ بیٹھنا پڑے وہ تبدیلی لائے بغیر گھروں کو واپس نہیں لوٹیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ حکومت گلو کریسی کے ذریعے ملک میں تصادم چاہتی ہے مگر یہ حکومت یاد رکھے کہ وہ جلد گھر جانے والی ہے۔ مجلس وحدت مسلمین، سنی اتحاد کونسل اور پاکستان عوامی تحریک کا مشترکہ احتجاجی مظاہرہ سب کے سامنے ہے، ہم مل کر جدوجہد کر رہے ہیں، اب حکومت کے دن گنے جا چکے ہیں، بہت جلد عوام خوشخبری سنیں گے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے صوبائی راہنما علامہ سید حسن رضا ہمدانی نے لاہور پریس کلب کے سامنے مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں انقلاب مارچ کے لاکھوں شرکاء پرعزم ہیں، اگر انہیں کئی ہفتے بھی کیوں نہ بیٹھنا پڑے وہ تبدیلی لائے بغیر گھروں کو واپس نہیں لوٹیں گے۔

سید حسن رضا ہمدانی نے کہا کہ شاہراہ قراقرم گذشتہ چار دن سے بند ہے، اسی طرح اسکردو یادگار چوک پر ہزاروں مجلس وحدت مسلمین کے کارکنان دھرنا دیئے بیٹھے ہیں، پنجاب کے 37 اضلاع ہمارے رابطے میں ہیں اور وہ منتظر ہیں کہ کب اور کس وقت تیسرے مرحلے کا باقاعدہ اعلان ہوتا ہے اور پنجاب بھر کی شاہراوں اور چوکوں کو عوامی سمندر سے جام کر دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو چاہیئے کہ وہ اپوزیشن کا کردار ادا کرے اور اپوزیشن کو اپنا قبلہ درست کرنا ہو گا، ہم مارشل لاء کے حق میں نہیں ہیں جمہوریت پسند ہیں، لیکن حکمران ملک کو مارشل لاء کی طرف دھکیل رہے ہیں، احتجاجی مظاہرے سے سنی اتحاد کونسل اور عوامی تحریک کے راہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔ مظاہرے میں مجلس وحدت مسلمین، سنی اتحاد کونسل اور عوامی تحریک کے سینکڑوں کارکنوں نے شرکت کی اور لبیک یا حسین اور گو نواز گو کے نعرے لگائے۔


خبر کا کوڈ: 406155

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/406155/حکمرانوں-کی-ضد-ملک-کو-مارشل-لاء-طرف-دھکیل-رہی-ہے-علامہ-حسن-رضا-ہمدانی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org