0
Monday 25 Aug 2014 09:27

مقبوضہ کشمیر، بھارتی فوج نے 4 نوجوانوں کو شہید کر دیا

مقبوضہ کشمیر، بھارتی فوج نے 4 نوجوانوں کو شہید کر دیا
اسلام ٹائمز۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 نوجوانوں کو شہید کر دیا، دوسری جانب نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں 2 بھارتی فوجی مارے گئے۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی فوج نے ضلع کپواڑہ کے علاقے کالاروس میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران 4 نوجوانوں کو شہید کر ڈالا۔ قبل ازیں ضلع کپواڑہ کے علاقے کیرن میں نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کر کے دو بھارتی فوجیوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔ کیرن کے جنگلات میں نامعلوم مسلح افراد نے بھارتی فوجیوں پر اندھا دھند فائر کھول دیا جس کے نتیجے میں دو اہلکار موقع پر ہی مارے گئے جبکہ ایک زخمی ہو گیا جسے سرینگر کے ہسپتال میں داخل کرا دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق دو بھارتی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد بھارتی فوج نے علاقے کا محاصرہ کر کے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کیا جس کے دوران 4 نوجوانوں کو شہید کر ڈالا۔ 

دریں اثنا آل پارٹیز حریت کانفرنس کے چیئرمین اور حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ بھارت مسئلے کے حل کیلئے کیے جانیوالے مذاکرات سے کشمیریوں اور حریت قیادت کو بیدخل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ کشمیری عوام مسئلے کے بنیادی فریق ہیں اور ان کی مشاورت کے بغیر مسئلے کا کوئی حل قابل قبول نہیں ہے۔ چند روز قبل بھارتی حکومت نے کہا تھا کہ مسئلہ کشمیر کے دو فریق بھارت اور پاکستان ہیں۔ 

دوسری جانب جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین یاسین ملک نے کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم مودی نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے سخت موقف اختیار کر رکھا ہے اور کشمیری اس موقف کے مقابلے میں تحریک آزادی کو مزید مضبوط بنائیں گے۔ نئی دہلی میں ایک ٹی وی پروگرام میں حصہ لیتے ہوئے یاسین ملک نے اس تاثر کو غلط قرار دیا کہ حریت رہنما پاک بھارت خارجہ سیکرٹریز مذاکرات کی منسوخی کے ذمہ دار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام مسئلہ کشمیر کے تیسرے نہیں بلکہ بنیادی فریق ہیں اور کسی بھی مذاکراتی عمل میں انہیں شامل کرنا ضروری ہے۔
خبر کا کوڈ : 406519
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش