0
Tuesday 26 Aug 2014 03:02

سندھ پولیس کیلئے بم پروف بکتربند گاڑیاں اور کراچی پولیس کیلئے کنٹرول سینٹر سے منسلک 100 موبائلیں

سندھ پولیس کیلئے بم پروف بکتربند گاڑیاں اور کراچی پولیس کیلئے کنٹرول سینٹر سے منسلک 100 موبائلیں
ترتیب و تنظیم: زیڈ اے جعفری

کراچی پولیس کو جدید کیمروں اور کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سے منسلکہ 100 پولیس موبائلیں فراہم کر دی گئی ہیں، یہ موبائل جدید کیمروں اور کمیونی کیشن کے نظام سے مرصع ہیں، محافظ موبائلوں کو شہر کے حساس مقامات پر کھڑا کیا جائے گا تاکہ صورتحال کی مانیٹرنگ کرکے حالات پر قابو پایا جا سکے جبکہ دوسری جانب سندھ پولیس کیلئے سربیا سے سوا ارب روپے مالیت کی بیس جدید بکتر بند گاڑیاں خریدی جا رہی ہیں، خریداری کیلئے منتخب کی جانے والی بکتربند گاڑیاں بم پروف ہونے کے ساتھ ساتھ کئی منفرد خصوصیات کی حامل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام قادر تھیبو کی زیرصدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شہر میں حساس مقامات اور علاقوں کی نشاندہی کے بعد جدید کیمروں سے لیس 100 محافظ موبائلیں تینوں پولیس زونز کو فراہم کی جا رہی ہیں جو ایسے تمام مقامات پر باقاعدہ کمانڈ ایک کنٹرول سینٹر سی پی او سے لنک میں رہتے ہوئے نہ صرف نگرانی بلکہ اسنیپ چیکنگ کے عمل کو بھی مربوط اور موثر بنائیں گی۔ اجلاس میں تینوں پولیس زون کے ڈی آئی جیز، ڈی آئی جی سی آئی ڈی، محافظ فورس اور مددگار 15 کے ایس پیز سمیت ڈائریکٹر انفارمیشن ٹیکنالوجی سی پی او کے علاوہ ڈی آئی جی ایڈمن شریک تھے۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام قادر تھیبو نے زون سائوتھ کے لئے 30 موبائلیں، زون ایسٹ کے لئے 15 موبائلیں، زون ویسٹ کے لئے 15 موبائلیں جبکہ سی آئی اے کے لئے 6 محافظ موبائلیں فراہم کرتے ہوئے ڈی آئی جیز کو ہدایات کیں کہ موبائلوں میں نصب جدید کیمروں کی ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے متعلقہ علاقوں میں حساس مقامات پر نہ صرف اسنیپ چیکنگ اور گشت بلکہ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر پر تعینات ڈی ایس پیز موبائلوں کی مانیٹرنگ کے بعد دی جانیوالی اطلاعات پر ہدایات بھی جاری کریں۔ شہر میں قائم مددگار 15 کی کارکردگی میں بہتری کے لئے مثبت کوششیں کی جائیں، شہریوں کی ٹیلی فون کالز پر کارروائی کے وقت کو کم سے کم کرکے شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے، تمام ڈی آئی جیز، مددگار 15 اور محافظ فورس سے رابطے کو یقینی بنائیں اور مددگار 15 اور دیگر ذرائع سے پولیس کیخلاف موصولہ شکایات پر کارروائی کریں۔

دوسری جانب سندھ پولیس کے لئے سربیا سے خریداری کے لئے منتخب کی جانے والی 20 بکتربند گاڑیاں کئی منفرد خصوصیات کی حامل ہیں اور ان خصوصیات کی حامل گاڑیاں دیگر ممالک میں دستیاب نہیں ہیں، کئی اضافی خصوصیات کی بدولت ہی ان گاڑیوں کی قیمت زیادہ ہے۔ اس حوالے سے سندھ پولیس کے اعلٰی افسر نے میڈیا کو بتایا کہ ان بکتر بند گاڑیوں پر تنقید کی جاتی ہے کہ انتہائی مہنگی گاڑیاں خریدی جا رہی ہیں حالانکہ اس سے قبل بھی ملک میں سربین کمپنی یوگو امپورٹ سے بکتربند گاڑیاں منگوائی جا چکی ہیں۔ اعلٰی پولیس افسر کے مطابق دیگر ممالک میں بکتر بند گاڑیاں ضرور ہیں لیکن سربیا سے خریدی جانے والی BOV M-11 ماڈل کی بکتر بند گاڑی کی سب سے بڑی خصوصیت اس کا بم پروف ہونا ہے، یہ 4 وہیل ہے جبکہ اس میں 3 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے جس میں ضرورت کے مطابق 7 افراد تک کی گنجائش بنائی جا سکتی ہے، یہ بکتر بند گاڑی نیٹو کے طے کردہ معیار کے مطابق تیار شدہ ہے۔ اعلیٰ پولیس افسر کے مطابق بکتر بند گاڑی میں طاقتور کیمروں کے ذریعے دشمن کی نقل و حرکت پر بھی نظر رکھی جا سکتی ہے جو کہ عموماً جنگوں میں ہی استعمال کئے جاتے ہیں، بکتر بند گاڑی میں جدید اور خود کار ہتھیار کے ساتھ ساتھ اس میں اسموک گرنیڈ کی بھی خصوصیت ہے، وائر لیس سسٹم بھی گاڑی میں شامل ہے۔

دوسری بکتر بند گاڑی کے بارے میں اعلیٰ پولیس افسر کا کہنا ہے کہ LAZAR BTR SR-8808 کی سب سے بڑی خصوصیت یہ ہے کہ بارودی سرنگیں بھی اسے کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتیں، یہ 8 وہیل ہے، اس میں 3 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے لیکن فولڈنگ سیٹ کی بدولت مزید 10 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش بنائی جا سکتی ہے، اس کا وزن 18 ٹن ہے، اس میں مشین گن سمیت مختلف اقسام کی 6 گن لگائی جا سکتی ہیں جبکہ گرینیڈ لانچر بھی اس میں شامل ہے۔ پولیس افسر کے مطابق یہ بکتر بند گاڑی آر پی جی سیون راکٹ کا حملہ بھی سہہ سکتی ہے، اسے انفنٹری فائٹنگ وہیکل بھی کہا جاتا ہے۔ اس بکتر بند کی بدولت نفری کو شورش زدہ علاقے میں پہنچایا بھی جا سکتا ہے۔ خریداری کے عمل میں شریک افسر کے مطابق ایسی بکتر بند گاڑیاں صرف سربیا سے ہی مل رہی تھیں دیگر ممالک میں ایسی گاڑیاں دستیاب نہیں ہیں۔
خبر کا کوڈ : 406674
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش