0
Tuesday 26 Aug 2014 16:50

سانحہ ماڈل ٹاؤن: ہائیکورٹ نے سیشن کورٹ کا اندارج مقدمہ کا فیصلہ درست قرار دیدیا

سانحہ ماڈل ٹاؤن: ہائیکورٹ نے سیشن کورٹ کا اندارج مقدمہ کا فیصلہ درست قرار دیدیا

اسلام ٹائمز۔ لاہور ہائیکورٹ نے سانحہ ماڈل ٹائون سے متعلق سیشن کورٹ کا مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ برقرار ر کھا، چار وفاقی وزراء کی درخواستیں خارج کر دی گئیں۔ لاہور میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ذمہ داروں کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا سیشن کورٹ کا فیصلہ چار وفاقی وزراء کی جانب سے چیلنج کیا گیا تھا۔ کیس کی سماعت جسٹس محمود مقبول باجوہ نے کی۔ جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کے سربراہ عارف مشتاق بھی عدالت میں پیش ہوئے۔ ادارہ منہاج القرآن کے جواب میں موقف اختیار کیا گیا کہ سیشن عدالت کے خلاف وفاقی وزراء کا موقف بے بنیاد ہے۔ چودہ افراد قتل ہوئے لیکن انتظامیہ مقدمہ درج نہیں کر رہی۔ ایڈوکیٹ جنرل پنجاب نے معاملے پر لارجر بنچ بنانے کی سفارش کرتے ہوئے کہا کہ ایڈیشنل سیشن ججز اگر اسی طرح احکامات جاری کرتے رہے تو ایگزیکٹوز کیلئے مشکلات پیدا ہونگی۔ اب تک منہاج القرآن کی انتظامیہ جوڈیشل ٹربیونل میں پیش ہوئی اور نہ ہی جے آئی ٹی سے تعاون کیا۔ عدالت عالیہ نے سماعت کے بعد سیشن کورٹ کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے وفاقی وزراء کی درخواستیں خارج کر دیں۔ فیصلے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عوامی تحریک کے وکیل منصور آفریدی نے کہا کہ قانون کے ہاتھ مضبوط ہیں، ملزم کیفر کردار تک پہنچیں گے۔ عدالت کے فیصلے پر عمل کرنا پڑے گا۔ دوسری جانب لاہور ہائی کورٹ نے سانحہ ماڈل ٹاؤن سے متعلق عدالتی حکم پر عملدرآمد کیلئے درخواست گزار شیراز ذکاء کی درخواست متاثرہ فریق نہ ہونے کی بناء پر ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کر دی۔ 

دیگر ذرائع کے مطابق سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے سے لاہور ہائی کورٹ نے ایڈیشنل سیشن جج لاہور کا حکم برقرار رکھتے ہوئے چار وفاقی وزراء کی جانب سے دائر در خواست مسترد کر دی۔ ہائی کورٹ نے وزیراعظم، وزیراعلٰی پنجاب اور وفاقی وزراء سمیت 21 افراد کیخلاف مقدمہ درج کرنے کے حکم کو برقرار رکھا ہے، اس حوالے سے جسٹس محمود مقبول باجوہ نے مختصر فیصلہ سنایا، عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزاروں نے جسٹس آف پیس کے فیصلے کیخلاف کوئی ٹھوس قانونی جواز پیش نہیں کیا۔ چار وفاقی وزراء نے ذاتی حیثیت میں ایڈیشنل سیشن جج کے حکم کو چیلنج کیا تھا، جن میں وفاقی وزیر اطلاعات پرویزرشید، وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف، وفاقی وزیر برائے ریلوے سعد رفیق اور عابد شیر علی شامل ہیں۔ واضح رہے کہ ایڈیشنل سیشن جج نے وزیراعظم، وزیراعلٰی پنجاب اور وفاقی وزراء سمیت 21 افراد کیخلاف مقدمہ درج کرنیکا حکم دیا تھا۔

خبر کا کوڈ : 406773
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش