0
Wednesday 27 Aug 2014 06:02
دھرنے کیخلاف مسلک اور عقیدے کی بنیاد پر ریلیاں خانہ جنگی کی سازش ہیں

کالعدم جماعتوں کی شرانگیزی بند نہ کروائی گئی تو کراچی سے اسلام آباد تک امن مارچ کرینگے، ثروت اعجاز قادری

کالعدم جماعتوں کی شرانگیزی بند نہ کروائی گئی تو کراچی سے اسلام آباد تک امن مارچ کرینگے، ثروت اعجاز قادری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ اسلام آباد مارچ کیخلاف مسلک اور عقیدے کی بنیاد پر ریلیاں ملک میں خانہ جنگی کی سازش ہیں۔ ملک میں کوئی مذہبی خلفشار پیدا ہوا تو اسکی تمام ذمہ داری حکومت سے اپنے ضمیر کی قیمت وصول کرنے والوں پر عائد ہوگی۔ دہشت گردوں کے خلاف فوجی آپریشن بعض قوتوں کو ہضم نہیں ہو رہا ہے۔ کالعدم مذہبی جماعتوں اور ان کے سرپرست ملک کو دوبارہ دہشت گردی کے جہنم میں جھونکتا چاہتے ہیں۔ کالعدم جماعتوں کی شرانگیزی بند نہ کروائی گئی تو سنی تحریک کراچی سے اسلام آباد کی طرف امن مارچ کرے گی۔ عدالتی حکم کے باوجود سانحہ ماڈل ٹاؤن کا مقدمہ درج نہ کرنا حکومتی بدنیتی کی عکاسی کرتا ہے۔ اسلام آباد دھرنوں میں کوئی بڑا سانحہ رونما ہونے کا انتظار کیوں کیا جا رہا ہے؟ سانحۂ ماڈل ٹاؤن کی ایف آئی آر درج کی جائے اور ملزمان کو فوری طور پر قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنّت پر پاکستان سُنی تحریک کی مرکزی کابینہ کے اجلاس کے بعد ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ سیاسی انتہا پسندی نے ملک و قوم کو تشویش کی صورت حال سے دوچار کر دیا ہے۔ حکومت کسی بڑے سانحے کے رونماء ہونے کا انتظار کرنے کی بجائے سیاسی بحران کا فوری اور پرامن حل نکالے۔ دھرنے کے شرکاء کو پانی، خوراک، ادویات سمیت تمام بنیادی سہولیات مہیا کرنے کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں۔ سابق ایڈیشنل سیکرٹری الیکشن کمیشن محمد افضل خان کے انکشافات کے بعد 2013ء کے الیکشن کی کوئی حیثیت نہیں رہی۔ چیف جسٹس آف پاکستان افضل خان کے انکشافات پر ازخود نوٹس لیں۔ اگر حکومت اور مظاہرین کے مابین ہونے والے مزاکرات کسی حتمی نتیجہ پر نہ پہنچے تو پھر تیسری قوت اقتدار پر قابض ہوسکتی ہے۔ پاکستان کسی مارشل لاء اور غیر جمہوری اقدامات کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ لہذٰا شخصیات کے بُت کھڑے کرنے کی بجائے اداروں کو تقویت دی جائے تو ملک قوم کیلئے سود مند ثابت ہوگا۔ ملک و قوم کے وسیع تر مفاد میں عمران خان اور طاہر القادری کے تمام آئینی و قانونی مطالبات تسلیم کیے جائیں۔ پاکستان کے سرحدی علاقوں میں بھارتی لشکر کا جمع ہونا تشویشناک امر ہے۔ موجودہ سیاسی بحران سے بھارت جیسا ازلی دشمن فائدہ اٹھانے کی کوشش کرسکتا ہے۔ اس لیے ملکی سلامتی اور خود مختاری کے تناظر میں دانشمندانہ فیصلے کیے جائیں۔ اس موقع پر مرکزی رہنما محمد شاہد غوری، محمد شاداب رضا نقشبندی، محمد انعام اللہ خان قادری، محمد علی جتک، نور احمد قاسمی، محمد زاہد حبیب قادری، فہیم الدین شیخ، ڈاکٹر عمران مصطفٰی، محمد مبین قادری، محمد طیب قادری و دیگر بھی موجود تھے۔
خبر کا کوڈ : 406848
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش