0
Thursday 28 Aug 2014 16:13

پاکستانی منی چینجر کیخلاف دہشت گردی کا الزام، امریکہ نے پابندی لگا دی

پاکستانی منی چینجر کیخلاف دہشت گردی کا الزام، امریکہ نے پابندی لگا دی
اسلام ٹائمز۔ امریکی محکمہ خزانہ کے مطابق عصماء منی چینجرز کے مالک محمد اقبال کے نہ صرف لشکر طیبہ اور اس ممنوعہ تنظیم سے منسلک ذیلی گروپوں کے ساتھ رابطے ہیں بلکہ یہ کمپنی لشکر طیبہ کے ایماء پر رقوم کی منتقلی میں بھی ملوث ہے۔ امریکی محکمہ خزانہ کا کہنا ہے کہ عصماء منی چینجرز کا مالک محمد اقبال فلاح انسانیت فاؤنڈیشن نامی اس فلاحی تنظیم کا بھی ایک بانی رکن اور خزانچی ہے، جسے واشنگٹن نے 2010ء میں لشکر طیبہ کی نمائندہ تنظیم قرار دے کر اس پر پابندی لگا دی تھی۔ لاہور شہر کی اہم شاہراہ مال روڈ پر ریگل چوک کے قریب قائم صادق پلازہ میں واقع اس کاروباری ادارے کے مالک حاجی محمد اقبال عرصہ دراز سے الفلاح فاونڈیشن سے منسلک ہیں۔

لشکر طیبہ کو امریکہ کیجانب سے قرار دی گئی ممنوعہ پاکستانی عسکریت پسند تنظیموں میں شامل ہے، جس پر مسلح پاکستانی عسکریت پسندوں کی مدد سے 2008ء میں بھارت کے تجارتی دارالحکومت ممبئی میں کئی مقامات پر بیک وقت کیے گئے دہشت گردانہ حملوں کا الزام لگایا جاتا ہے۔ ان حملوں میں مجموعی طور پر 166 افراد ہلاک ہوئے تھے جبکہ ایک کے سوا تمام حملہ آور بھی مارے گئے تھے۔ ان حملوں کا زخمی حالت میں لیکن زندہ گرفتار کیا جانے والا واحد ملزم اجمل قصاب نامی ایک پاکستانی شہری تھا، جسے بعد میں ایک بھارتی عدالت نے سزائے موت کا حکم سنایا تھا اور پھر اسے پھانسی دے کر ایک بھارتی جیل کے احاطے میں ہی دفنا دیا گیا تھا۔

ممبئی کے دہشت گردانہ حملوں نے پاکستان اور بھارت کے باہمی تعلقات کو بھی بری طرح متاثر کیا تھا اور نئی دہلی نے اسلام آباد کے ساتھ ہر قسم کے سفارتی رابطے اور مذاکرات فوری طور پر منقطع کر دیے تھے۔ یہ دوطرفہ تعلقات ابھی تک ان حملوں سے پہلے کی سطح پر واپس نہیں آئے۔ واشنگٹن میں امریکی محکمہ خزانہ نے عصماء منی چینجرز کے بارے میں اپنے فیصلے کے بعد بدھ کے روز اس حوالے سے ایک بیان میں کہا کہ عصماء منی چینجرز کے مالک کے طور پر محمد اقبال نے لشکر طیبہ کے عہدیداروں کے لیے نہ صرف مالی عطیات جمع کیے بلکہ یہ رقوم ان شخصیات تک بھی پہنچائیں۔ امریکی ٹریژری ڈپارٹمنٹ نے کہا ہے کہ آج کے اس فیصلے کے تحت امریکا میں یا امریکی شہریوں کے کنٹرول میں وہ تمام املاک یا مفادات، جن کا تعلق محمد اقبال اور عصماء منی چینجرز سے ہے، منجمد کر دیے گئے ہیں اور امریکی شہریوں کو اس ادارے اور اس کے مالکان کے ساتھ کسی بھی قسم کے لین دین سے قانونی طور پر روک دیا گیا ہے۔ 

یاد رہے کہ مسلم لیگ نون کی صوبائی حکومت کیطرف سے لشکر طیبہ کی ذیلی تنظیموں کو کروڑں روپے کی گرانٹ جاری کی گئی، لیکن اس پر امریکی حکام کی طرف سے پابندیوں میں کوئی ذکر نہیں۔
خبر کا کوڈ : 407074
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش