0
Friday 29 Aug 2014 18:42

اسرائیلی جرائم کیخلاف عالمی فوجداری عدالت میں مقدمہ چلایا جائے، ایران

اسرائیلی جرائم کیخلاف عالمی فوجداری عدالت میں مقدمہ چلایا جائے، ایران
رپورٹ: این ایچ نقوی

ایرانی وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے کہا ہے کہ اسرائیل کے خلاف عالمی فوجداری عدالت میں مقدمہ چلایا جائے۔ اسرائیل غزہ کی پٹی میں رہنے والے فلسطینیوں کے خلاف جنگی جرائم کا مرتکب ہوا۔ سیکرٹری جنرل جہاد اسلامی رمضان عبد اللہ محمد شلح اور حماس پولیٹیکل بیورو کے چیف خالد مشعل سے الگ الگ بات کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے کہا کہ اسرائیلیوں کو غزہ میں ڈھائے جانے والے جنگی جرائم کے بارے میں عالمی عدالت کے سامنے جواب دہ ہونا پڑے گا۔ انہوں نے اسرائیلی مظالم کے مقابل ثابت قدم رہنے اور فتح حاصل کرنے پر فلسطینی قوم کو مبارکباد پیش کی۔ پچاس روزہ جنگ کے دوران غزہ کے بہادر عوام نے بے مثال جرات اور ہمت کا مظاہرہ کرکے صہیونی ریاست کو شکست فاش سے دوچار کیا اور سات ہفتوں کی مسلسل گولہ باری کے بعد اسرائیل نے مزاحمتی گروپوں کے ساتھ معاہدہ کرتے ہوئے مکمل جنگ بندی کا اعلان کیا۔ مزاحمتی گروپوں کے ساتھ ہونے والے معاہدہ میں اسرائیل نے سیز فائر کے ساتھ ساتھ سات سال سے جاری غزہ کے محاصرہ میں نرمی کی شرط بھی تسلیم کی ہے۔ غزہ کے محاصرے میں کی جانے والی نرمی کے باعث امدادی کارروائیاں زور و شور سے شروع کی جاسکیں گی۔

ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے مزاحمتی تحریکوں کے رہنماوں کے ساتھ گفتگو میں امید ظاہر کی ہے کہ حالیہ فتح آزاد فلسطینی ریاست کے قیام اور القدس کی غاصب صہیونی پنجوں سے آزادی کے لئے سنگ میل ثابت ہوگی۔ ایرانی وزیر خارجہ نے عالمی برادری پر زور دیا کہ تباہ شدہ غزہ کی تعمیر کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں۔ اس موقع پر انہوں نے ایران کی جانب سے غزہ کے لئے بھرپور امداد بھیجنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ فلسطینی مزاحمتی تحریکوں کے رہنماوں نے اس موقع پر غزہ کے مظلوم عوام کا ساتھ دینے اور اسرائیل کے خلاف اقدامات اٹھانے پر ایران کا شکریہ ادا کیا۔ پچاس روزہ جنگ میں 2137 فلسطینی شہید ہوئے، جن میں 570 معصوم فلسطینی بچے بھی شامل تھے، اسرائیلی گولہ باری سے گیارہ ہزار فلسطینی زخمی بھی ہوئے، اسرائیلی حکام کے مطابق اس جنگ میں اسرائیل کے 69 فوجی ہلاک ہوئے۔
خبر کا کوڈ : 407231
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش