0
Saturday 30 Aug 2014 21:52

پاکستان دشمن قوتیں ملک میں خانہ جنگی کروا کر ملک کو کمزور کرنا چاہتی ہیں ،علامہ ریاض شاہ

پاکستان دشمن قوتیں ملک میں خانہ جنگی کروا کر ملک کو کمزور کرنا چاہتی ہیں ،علامہ ریاض شاہ
اسلام ٹائمز۔ جماعت اہلسنّت پاکستان کے مرکزی ناظم اعلیٰ علامہ سیّد ریاض حسین شاہ نے کہا ہے کہ عدم برداشت اور ہٹ دھرمی غیرجمہوری رویہ ہے۔ احتجاجی دھرنے کی سیاست ملکی مفاد میں نہیں۔ پاکستان کی جیت پر سب اتفاق کر لیں۔ سیاسی محاذ آرائی سے نظامِ زندگی مفلوج ہو گیا ہے۔ قوم مسلسل ہیجانی کیفیت میں مبتلا ہے۔ نازک صورتحال میں تمام محب وطن قوتوں پر سیاسی بحران کو قومی مفاد میں حل کرنے کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ آتش فشاں پھٹا تو سب بھسم ہو جائیں گے۔ سیاسی درجۂ حرارت کو ٹھنڈا کرنے کی ضرورت ہے۔ آئین و قانون کی پیروی میں ہی سب کی خیر ہے۔ پاکستان دشمن قوتیں ملک میں خانہ جنگی کروا کر ملک کو کمزور کرنا چاہتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ تعلیماتِ اسلامیہ مرغزار کالونی لاہور کے سالانہ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سیّد ریاض حسین شاہ نے مزید کہا کہ دینی مدارس اسلام کے قلعے ہیں۔ دینی مدارس کے طلباء جدید اور قدیم علوم میں مہارت حاصل کریں۔ مدارسِ دینیا کے طلباء اسلام کے حقیقی محافظ ہیں۔ دنیا بھر میں مسلمان ظلم کا شکار ہیں۔ اُمّتِ مسلمہ کا اتحاد ہی عالم کفر کی سازشوں کا اصل توڑ ہے۔ اقوام متحدہ مسلمانوں کے حقوق و مفادات کے تحفظ میں ناکام ہو چکی ہے اس لیے مسلم ممالک اسلامی اقوام متحدہ کا اعلان کریں اور عالمی سطح پر ’’متحدہ مسلم بلاک‘‘ تشکیل دیں۔ اسلامی ممالک مشترکہ کرنسی کا آغاز کریں اور نیٹو طرز پر مشترکہ دفاعی فورس قائم کریں۔ ایسا نہ کیا گیا تو مسلمانوں کے ساتھ ظلم اور ناانصافیاں جاری رہیں گی۔ سیّد ریاض حسین شاہ نے کہا کہ پاکستان کا استحکام اوّلین ترجیح ہونی چاہیے۔ دھرنا سیاست میں قومی مفاد قتل ہو رہا ہے۔ انا کی جنگ اور تصادم ملک و قوم کے لیے نقصان دہ ہے۔ جلسے سے صاحبزادہ حسنات احمد مرتضیٰ، صاحبزادہ برکات احمد اور دوسرے علماء نے بھی خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 407425
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش