0
Sunday 31 Aug 2014 09:17

پاکستان بھارت کی آبی جارحیت کو روکنے کے لیے موثر اقدامات اٹھائے، عبدالمجید

پاکستان بھارت کی آبی جارحیت کو روکنے کے لیے موثر اقدامات اٹھائے، عبدالمجید
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان بھارت کی آبی جارحیت کو روکنے کے لیے موثر اقدامات اٹھائے بھارت سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دریائے چناب کا رخ تبدیل کرتے ہوئے پن بجلی کے 4 نئے منصوبے لگا رہا ہے جبکہ کشن گنگاڈیم(دریائے نیلم) ڈیم کا ڈیزائن بھی عالمی ثالثی ٹریبونل کی ہدایت کے مطابق ٹھیک نہیں کیا جس کی وجہ سے دریائے نیلم میں پانی کی روانی کم ہونے کا خدشہ ہے۔ کشمیری حق خودارادیت کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ وزیراعظم نے کہاکہ بھارت ریاست جموں و کشمیر کے وسائل لوٹنے کے لیے یہاں اپنا قبضہ برقرار رکھنا چاہتا ہے اس مقصد کے لیے اس نے 7 لاکھ افواج جمع کر رکھی ہیں۔ وہ گذشتہ روز وطن روانگی سے قبل کشمیری نژاد برطانوی صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔

انھوں نے کہا کہ ریاستی وسائل لوٹ کر بھارت نے ریاستی عوام کو پسماندگی، تشدد اور غربت کے سوا کچھ نہیں دیا۔ وہ عالمی سطح پر کشمیریوں کے ساتھ حق خودارادیت دینے کے وعدوں سے منحرف ہو رہا ہے لیکن کشمیری اپنے حقوق سے دستبردار نہیں ہوں گے اور نہ ہی بھارت کا ریاست پر غاصبانہ قبضہ قبول کریں گے۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ بھارت نے ریاست کے وسائل ہڑپ کرنے کے لیے کٹھ پتلی حکومت کے ذریعے ترقی کے نام پر لوگوں کو بے وقوف بنا رہا ہے جبکہ جموں اور لداخ کے خطوں میں عوام کی حالت انتہائی ابتر ہے۔

وزیراعظم نے کشمیری نوجوانوں کی مزاحمتی تحریک کو حصول آزادی کے لیے ایک بڑی پیش قدمی قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت اب کشمیریوں کی تحریک کو کچل نہیں سکے گا۔ بھارت کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے خطہ عدم استحکام کا شکار ہے اور یہاں ترقی اور خوشحالی کا سفر رکا ہوا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت فوری طور پر کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت دے تاکہ وہ اپنی خواہشات کے مطابق اپنے مستقبل کا فیصلہ کرسکیں۔

 ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت اپنے قائد شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے ویژن کے مطابق ملک کو درپیش چیلنجز سے نکالنے کے لیے انتہائی موثرکردار ادا کررہی ہے ۔پیپلزپارٹی نے ہمیشہ محروم اور پسے ہوئے طبقوں کے جذبات کی ترجمانی کی اور ان کے حقوق کا تحفظ کیا۔ ایک او ر سوال پر وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ آزاد کشمیر حکومت تحریک آزادی کشمیر کے ساتھ ساتھ آزاد خطہ کے اندر روڈ انفراسٹریکچر، صحت اور تعلیم کے شعبوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور اس مقصد کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز کو میگا ترقیاتی منصوبوں میں شامل کر رہی ہے۔ 3 میڈیکل کالجز اور 5 یونیورسٹیوں کے قیام سے تعلیمی سہولیات کو عوام کے دروازے تک پہنچا دیا ہے۔ عوام کی فلاح وبہبود اور ترقی کے ایجنڈے پر کام جاری رہے گا۔

وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کہا ہے کہ اوورسیز کشمیری تحریک آزادی کو مزید تیز کرنے میں کردار ادا کریں۔ آزاد کشمیر اسمبلی میں اوورسیز کشمیریز کی بھرپور نمائندگی موجود ہے۔ آزادکشمیر حکومت نے تحریک آزادی کے بیس کیمپ کو حقیقی معنوں میں جدوجہد آزادی کا بیس کیمپ بنا دیا ہے۔ کشمیریوں نے برطانیہ کی سیاست، معیشت اور حکومتی نظام میں بھرپور حصہ لے کر اپنی صلاحیتوں کو منوایا ہے۔ جس سے پوری کمیونٹی مستفید ہو رہی ہے۔
خبر کا کوڈ : 407495
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش