QR CodeQR Code

ریاست کے تمام اثاثوں کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے

حکومت نے قتل عام پر پردہ ڈالنے کیلئے پی ٹی وی پر حملے کا ڈرامہ رچایا، علامہ ناصر عباس جعفری

سانحہ ماڈل ٹاوُن اور اسلام آباد میں پرامن مظاہرین پر تشدد کے بعد حکمران حق حکمرانی کھو چکے ہیں

1 Sep 2014 22:52

اسلام ٹائمز: مرکزی کابینہ کے اراکین سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ کا کہنا تھا کہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں ہمارے کارکنوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے، یہ انتقامی کارروائی ہے، جسے ہم کبھی بھی برداشت نہیں کرینگے۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں خواتین اور بچوں پر ظلم و بربریت کرکے اقتدار کو بچانا حکمرانوں کے لئے ممکن نہیں، اسلام آباد کے پرامن شرکاء پر تشدد اور بے گناہ لوگوں کے قتل عام پر پردہ ڈالنے کیلئے پی ٹی وی پر حملے کا ڈرامہ رچایا گیا، ہم حکومت کی اس سازش کی شدید مذمت کرتے ہیں، ریاست کے تمام اثاثوں کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی کابینہ کے اراکین سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاوُن اور اسلام آباد میں پرامن مظاہرین پر تشدد کے بعد حکمران حق حکمرانی کھو چکے ہیں، لاہور سمیت پنجاب بھر میں ہمارے کارکنوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے، یہ انتقامی کارروائی ہے، جسے ہم کبھی بھی برداشت نہیں کرینگے، ہم سینکڑوں لاشیں اُٹھانے کے باوجود پرامن رہے اور پرامن احتجاج ہر پاکستانی کا آئینی و قانونی حق ہے۔ علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ پاکستانی عوام غربت، مہنگائی اور ناانصافی کے ہاتھوں خودکشی پر مجبور ہیں، سیاسی مخالفین کو انتقامی کارروائیوں کی بھینٹ چڑھایا جارہا ہے، ہم اپنے اس اصول سے کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے، مظلومین کی حمایت ہمارے ایمان کا حصہ ہے، جس کے لئے ہم ہر قسم کی قربانی دینے کو تیار ہیں۔


خبر کا کوڈ: 407780

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/407780/حکومت-نے-قتل-عام-پر-پردہ-ڈالنے-کیلئے-پی-ٹی-وی-حملے-کا-ڈرامہ-رچایا-علامہ-ناصر-عباس-جعفری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org