QR CodeQR Code

پارلیمنٹ میں پاک فوج کیخلاف ہرزہ سرائی کی مذمت کرتے ہیں

اگر پرامن جدوجہد کا نام بغاوت ہے تو ہم یہ بغاوت کرتے رہیں گے، علامہ ناصر عباس جعفری

2 Sep 2014 18:55

اسلام ٹائمز: پارلیمنٹ کے جوائنٹ اجلاس پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ کا کہنا تھا آج پارلیمنٹ میں قومی اور ریاستی مفادات کو پس پشت ڈال کر ذاتی مفادات کا دفاع کرنا افسوس ناک اور قوم کیلئے لمحہء فکریہ ہے!


اسلام ٹائمز۔ موجودہ حکمرانوں کا سابقہ دور میں احتجاج کرتے ہوئے سپریم کورٹ پر دھاوا اور ہلہ بولنا آئینی تھا جبکہ آج عوام کا ظلم و بربریت، دھاندلی، جعلی مینڈیٹ کیخلاف سڑکوں پر آنا بغاوت ٹھہرا ہے، اگر پرامن جدوجہد کا نام بغاوت ہے تو ہم یہ بغاوت کرتے رہیں گے۔ آج پرامن مظاہرین پر طاقت کے بے دریغ استعمال کا مشورہ دینے والے مفاد پرست سیاست دان قوم کو بتائیں کہ افواج پاکستان سمیت 50 ہزار سے زائد پاکستانیوں کے قاتلوں کیخلاف ان کی زبانیں کیوں گنگ رہیں؟، کیا یہ شہداء کے خون سے غداری نہیں تھی؟، آئین سے بغاوت کرنے والوں سے مذاکرات کا مشورہ دینے والے آج کیوں طاقت کے استعمال کا مشورہ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کی کارروائی سے ثابت ہوگیا کہ سیاست دان ناصرف قوم کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہوگئے ہیں بلکہ مظلوموں کو ان کا حق دینے میں بھی بری طرح سے ناکام ہوئے ہیں۔ اجلاس میں افواج پاکستان کے خلاف ہونے والی ہرزہ سرائی کی مذمت کرتے ہیں۔ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس دراصل مفاد پرستوں کو تحفظ دینے کیلئے بلایا گیا تھا لیکن حکمران یاد رکھیں کہ ظلم کی حکومت زیادہ دیر نہیں چلنے والی۔

پارلیمنٹ کے جوائنٹ اجلاس میں اپوزیشن اور حکومتی اراکین کے تقاریر پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ لاہور سے اسلام آباد تک پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان اپنی جانوں کا نذرانہ دیتے آئے ہیں لیکن انہوں نے قانون کو کبھی ہاتھ میں نہیں لیا، آج پارلیمنٹ میں قومی اور ریاستی مفادات کو پس پشت ڈال کر ذاتی مفادات کا دفاع کرنا افسوس ناک اور قوم کے لئے لمحہء فکریہ ہے! انہوں نے کہا کہ سیاست دانوں نے پاکستان میں اسٹیس کو کیخلاف عوامی بیداری اور حقوق کیلئے میدان میں نکلنے کو دہشت گردی اور بغاوت کا نام دے کر ثابت کیا ہے یہ مفاد پرست ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری تاریخ گواہ ہے کہ ہمارے آباوُ اجداد نے اس ملک کیلئے قربانیاں دی ہیں، ہمیشہ ظلم کیخلاف آواز بلند کی ہے، کوئٹہ سے لیکر پارلیمنٹ تک پرامن مظاہرے کئے، ایک پتا تک نہیں ٹوٹا۔ حکومت نے اپنے گلو بٹوں سے حملہ کرا کے پرامن تحریک کو پرتشدد ثابت کرنے کی کوشش کی ہے، جس کی مذمت کرتے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 407930

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/407930/اگر-پرامن-جدوجہد-کا-نام-بغاوت-ہے-ہم-یہ-کرتے-رہیں-گے-علامہ-ناصر-عباس-جعفری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org