QR CodeQR Code

سیاسی بحران کے حل کیلئے سیاسی جرگے کی کوششیں جاری

عوامی تحریک اور تحریک انصاف نے ہماری درخواست پر بات شروع کرنے پر آمادگی ظاہر کی، سراج الحق

3 Sep 2014 17:33

اسلام ٹائمز: اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں پی اے ٹی کے رہنماء رحیق عباسی کا کہنا تھا کہ سیاسی جرگہ چاہتا ہے کہ مذاکرات میں ڈیڈ لاک ختم ہو۔ ہم نے سیاسی جرگے کو اپنے تمام مطالبات پیش کر دیئے ہیں۔ وزیراعظم کے استعفے کا مطالبہ بھی سیاسی جرگے کے سامنے پیش کیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق کی سربراہی میں سیاسی جرگے نے عوامی تحریک کے رہنمائوں سے ملاقات کی اور موجودہ سیاسی بحران کو حل کرنے کی کوشش کی۔ سیاسی جرگے میں رحمان ملک، لیاقت بلوچ، فرید پراچہ، کلثوم پروین، جی جی جمال شریک تھے جبکہ عوامی تحریک کی جانب سے طارق بشیر چیمہ، خرم نواز گنڈاپور، رحیق عباسی، حامد رضا اور ناصر عباس شیرازی نے شرکت کی۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں سراج الحق کا کہنا تھا کہ تمام فریقین ایک حد تک اپنے موقف پر ڈٹے ہوئے ہیں۔ عوامی تحریک اور تحریک انصاف نے ہماری درخواست پر بات شروع کرنے پر آمادگی ظاہر کی۔ مذاکرات کا سلسلہ شروع ہے تو حکومت ہمیں سہولت کار کا درجہ دے۔ بیچ کا راستہ اختیار کرکے ملک کو بحران سے نکالنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ جہاں کسی جگہ مسئلہ ہوگا وہاں پر جرگہ معاملے کو سلجھائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ آج سے دونوں فریقین گفتگو کے سلسلے کو دوبارہ شروع کریں گے۔ کل جو دوبارہ کوششیں شروع کی ہے اس سے ڈیڈ لاک ختم ہوگیا ہے۔

 پیپلز پارٹی کے رہنماء رحمان ملک کا کہنا تھا کہ عوامی تحریک نے جرگے کو خوش آمدید کہا ہے۔ آصف زرداری کے مذاکرات، مذاکرات، مذاکرات کے تحت آگے بڑھ رہے ہیں۔ اس سیاسی بحران میں سراج الحق کا جو کردار ہے وہ قابل ستائش ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کے سامنے جو خیمہ بستی ہے اس کو پیچھے ہٹانے کی درخواست کی ہے۔ عوامی تحریک نے ہماری درخواست پر غور کی یقین دہانی کرائی ہے۔ عوامی تحریک کے رہنماء رحیق عباسی کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ سیاسی جرگہ چاہتا ہے کہ مذاکرات میں ڈیڈ لاک ختم ہو۔ ہم نے سیاسی جرگے کو اپنے تمام مطالبات پیش کر دیئے ہیں۔ وزیراعظم کے استعفے کا مطالبہ بھی سیاسی جرگے کے سامنے پیش کیا ہے۔ دھاندلی کی تحیقات کرانے کا مطابہ بھی رکھا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی تحریک موجودہ سیاسی بحران کا جلد از جلد حل چاہتی ہے۔


خبر کا کوڈ: 408079

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/408079/عوامی-تحریک-اور-انصاف-نے-ہماری-درخواست-پر-بات-شروع-کرنے-آمادگی-ظاہر-کی-سراج-الحق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org