0
Friday 5 Sep 2014 11:43
وزارت عظمٰی کا ایک امیدوار باہر بیٹھا ہے اور ایک ایوان کے اندر

اعتزاز احسن کیخلاف بیان دینے پر چوہدری نثار ایوان میں آکر معافی مانگیں، خورشید شاہ کا مطالبہ

تمام اختلافات کو فراموش کر کے ملک کیخلاف تمام سازشیں ناکام بنا دیں گے
اعتزاز احسن کیخلاف بیان دینے پر چوہدری نثار ایوان میں آکر معافی مانگیں، خورشید شاہ کا مطالبہ
اسلام ٹائمز۔ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں سید خورشید شاہ نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا کہ چوہدری نثار، اعتزاز احسن کے بارے میں دیئے گئے بیان پر ایوان میں آ کر معافی مانگیں، خورشید شاہ نے کہاکہ نازک وقت میں ایسی بات کرکے حکومت کے خلاف دھرنوں پر بیٹھی مری ہوئی طاقت کو دوبارہ زندہ کیا گیا ہے۔ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں آج تیسرے دن کی کارروائی شروع ہوئی تو موضوع دھرنوں اور احتجاج سے ہٹ کر چوہدری نثار کا گذشتہ روز اعتزاز احسن کے بارے میں بیان تھا۔ اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم سے مطالبہ کیا کہ چوہدری نثار کی کم سے کم سزا یہ ہونی چاہیئے کہ وہ اس ایوان میں آکر معافی مانگیں۔ خورشید شاہ نے وزیراعظم کو مخاطب کرکے کہا اس موقع پر جب اپوزیشن حکومت کو سپورٹ کر رہی ہے ایسا بیان دینا، اس کا مطلب ہے کہ وہ آپ کی پارٹی کا آدمی نہیں اور جب ڈوریاں ہلانے کی بات کی جاتی ہے تو ڈوریاں ہلانے والوں کا کیا قصور جب خود کسی کو ڈوریوں پر ناچنے کا شوق ہو۔

خورشید شاہ نے دعویٰ کیا کہ انہیں صحافی دوستوں نے بتایا کہ ہے انہيں چیمبر میں بلاکر ایسی ایس باتیں کہی گئیں جو شائع نہیں کی جا سکتیں۔ خورشید شاہ نے ایک بار پھر چوہدری نثار کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایسے وقت میں جب اپوزیشن حکومت کو مضبوط اور دھرنوں کو کمزور کررہی تھی، ایسا بیان دے کر وزیراعظم کے خلاف مری ہوئی طاقت کو زندہ کیا گیا ہے۔ خورشید شاہ نے دعویٰ کیا کہ وزارت عظمٰی کا ایک امیدوار باہر بیٹھا ہے اور ایک ایوان کے اندر، جسے وزيراعظم کے چیمبر میں اپوزیشن کا بیٹھنا اور وزيراعظم کو مضبوط کرنا دیکھا نہیں گیا۔ قائد حزب اختلاف نے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال میں قوم متحد ہے، پارلیمنٹ اور ملک کے خلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دینگے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں وزیراعظم کو اندازہ ہونا چاہیئے کہ ان کی صفوں میں کون دوست اور کون دشمن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس بات کا علم ہے کہ ملک کے خلاف سازشیں ہو رہی ہیں لیکن ہم سب اپنے تمام اختلافات کو فراموش کر کے ملک کیخلاف تمام سازشیں ناکام بنا دیں گے۔

دیگر ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے وزیراعظم نواز شریف سے کہا ہے کہ میاں صاحب تاریخ میں یہ بات نئی نہیں کہ آپ کی صفوں میں غدار پیدا ہو جائیں، وزیر داخلہ چوہدری نثار نے جس طرح آپ کی پیٹھ میں چھرا گھونپا تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی۔ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ سارا ایوان وزیراعظم نواز شریف کے ساتھ کھڑا تھا لیکن پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کو جان بوجھ کر سبوتاژ کرنے کی کوشش کی گئی، یہ سازش آج سے نہیں بلکہ گذشتہ 6 ماہ سے چل رہی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ میاں صاحب جس طرح سے چوہدری نثار نے آپ کی پیٹھ میں چھرا گھونپا اس کی مثال نہیں ملتی، آپ کے خلاف مری ہوئی طاقت کو زندہ کیا گیا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ لوگ اس پارلیمنٹ کی طرف دیکھ رہے تھے کہ یہاں سے کوئی اچھی خبر ملے لیکن آپ کے ایک سینئر وزیر نے ہمارے ایک وزیر کے خلاف بیان دے کر آپ کو کمزور کرنے کی سازش کی اور آپ کو دوراہے پر کھڑا کر دیا ہے۔ ٹیپو سلطان جیسا عظیم اور نڈر سپہ سالار جس نے انگریزوں کو ناگ رگڑنے پر مجبور کیا اور عظیم سپہ سالار کو بھی میر جعفر اور میر صادق جیسے آستین کے سانپوں نے ختم کرا دیا، وزیراعظم صاحب آج آپ کو بھی یہ دیکھنا ہو گا کہ کون آپ کا محسن اور کون دشمن ہے۔ خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ حکومت کے ایک سینیئر ترین وزیر کی جانب سے اپوزیشن کے ایک اہم رکن پر تنقید کر کے نہ صرف ہماری بلکہ پوری پارلیمنٹ کی توہین کی گئی جس پر ہم اس کی پرزور مذمت کرتے ہیں کیونکہ آج ہم پارلیمنٹ اور جمہوریت کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں نہ کہ ماضی کی روایات کی طرح حکومت اور جمہوریت کی بساط لپیٹنے والوں کا ساتھ دینا چاہتے ہیں، آج کوئی بھی سازشی اپنی ایک سوئی بھی گزار نہیں سکتا اور اس پر پاکستان کی عوام کو فخر ہے، ہماری جمہوریت کو مضبوط کرنے کی کوشش کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے۔
خبر کا کوڈ : 408320
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش