0
Friday 5 Sep 2014 19:25
دھرنے دے کر قادری اور عمران کی روش کو نہ دہرایا جائے

محکمہ تعلیم سندھ میں 13 ہزار جعلی بھرتیاں ہوئیں، نثار کھوڑو کا انکشاف

جعلی بھرتیوں والے امیدواروں کی تنخواہیں روکی گئیں
محکمہ تعلیم سندھ میں 13 ہزار جعلی بھرتیاں ہوئیں، نثار کھوڑو کا انکشاف
اسلام ٹائمز۔ سینئر صوبائی وزیر سندھ نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ محکمہ تعلیم سندھ میں 2 سال قبل ایس ایل ٹی، ڈرائنگ ٹیچرز، اورینٹ ٹیچرز سمیت نان ٹیچرز کیڈرز کی 1500 اسامیوں پر قانونی تقاضے پورے کئے بغیر 13 ہزار جعلی بھرتیاں کی گئیں، کل کی غلطی سدھارنے اور اہلیت کو ترجیح دینے کے لئے سخت فیصلہ کیا ہے۔ بھرتیوں پر پابندی ہٹنے کے بعد تمام امیدوار این ٹی ایس ٹیسٹ دیں اور جو امیدوار قابلیت کے مطابق میرٹ پر ٹیسٹ پاس کرلے اسے بھرتی کرلیا جائے گا، دھرنوں سے کسی صورت مرعوب نہیں ہوں گے، اہلیت کے خلاف کسی قسم کے تقرر نامے جاری نہیں کئے جائیں گے، جعلی بھرتیوں میں ملوث افسران معطل کر دیئے گئے ہیں جن کے خلاف مزید کارروائی جاری ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ اسمبلی میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ نثار کھوڑو نے کہا کہ بچوں کی بہتر تعلیم کیلئے اب محکمہ تعلیم میں تمام بھرتیاں نیشنل ٹیسٹنگ سروس کے ذریعے ہوں گی، بلاول بھٹو زرداری نے ہدایت کی ہے کہ محکمہ تعلیم کو بوگس طریقے سے نہیں چلایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جعلی بھرتیوں میں ملوث محکمہ تعلیم کے سابق افسران عطاء اللہ دل، فرناز ریاض سمیت 12 افسران تاحال معطل ہیں ان کی برطرفی کیلئے کارروائی جاری تھی لیکن افسران نے عدالتوں سے حکم امتناع لے لیا ہے۔ نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ اب ہمیں پڑھے لکھے اور قابل استاد چاہئیں تاکہ قوم کا مستقبل روشن ہو سکے، اساتذہ پڑھانے کے قابل ہوں گے تو بچوں کو پڑھا سکیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں سندھی لینگویج ٹیچرز کی بھرتیوں میں غیر سندھی ٹیچر بھرتی کئے گئے، 63 امیدوار تو اسامی کیلئے ہی اہل نہ تھے 13 کی ڈگریاں جعلی تھیں انھیں کیسے قبول کیا جا سکتا ہے۔

نثار کھوڑو نے کہا کہ منظور شدہ اسامیوں سے زیادہ جعلی بھرتیوں پر اے جی سندھ نے اعتراض کیا اسی لئے جعلی بھرتیوں والے امیدواروں کی تنخواہیں روکی گئیں، اہلیت کو ترجیح دینے کیلئے یہ سخت فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں ٹیچنگ کیڈر کی 1500 اسامیوں پر 13000 جعلی ملازمین بھرتی کئے گئے جبکہ 1400 جعلی بھرتیاں حیدرآباد اور 700 دیگر اضلاع میں کی گئیں، جعلی بھرتیاں ہم کیسے قبول کر سکتے ہیں۔ سینئر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ دھرنے دے کر قادری اور عمران کی روش کو نہ دہرایا جائے، ہم دھرنوں کی بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے، تمام امیدواروں کو بھرتیوں پر عائد پابندی ختم ہونے کے بعد ہر صورت این ٹی ایس ٹیسٹ میں بیٹھنا ہوگا۔ نثار کھوڑو نے مزید کہا کہ امیدواروں کا دھرنا ختم کرانے دُو بار ان کے پاس گیا لیکن انھوں نے تنخواہوں کا نوٹیفکیشن ملنے تک دھرنا ختم نہ کرنے کی بات کی جو نامناسب ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات میں دھرنا دینے والوں کو بتایا کہ جلد محکمہ تعلیم این ٹی ایس ٹیسٹ کے حوالے سے اشتہارات شائع کرے گی تمام امیدوار اس میں حصہ لے کر اہلیت ثابت کر دیں تو حکومت انھیں خوش آمدید کہے گی لیکن اہلیت کے برعکس دباؤ کے تحت کسی قسم کے اقدامات کی توقع نہ رکھی جائے۔
خبر کا کوڈ : 408362
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش