0
Saturday 6 Sep 2014 00:07
تاوان ادا کرنا شکست ہو گی

نیٹو ممالک کا روس اور داعش سے نمٹنے کے لئے نئی فورس کے قیام کا اعلان

نیٹو ممالک کا روس اور داعش سے نمٹنے کے لئے نئی فورس کے قیام کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ مغربی دفاعی اتحاد (نیٹو) کے سربراہان نے یوکرین میں جاری سیاسی بحران اور جنگجو تنظیم داعش سے نمٹنے کے لئے ریپڈ ری ایکشن فورس کے قیام کا اعلان کیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانیہ کے شہر نیوپورٹ میں نیٹو سمٹ کے دوسرے روز یوکرین بحران اور عراق و شام میں تیزی سے پیش قدمی کرنے والی جنگجو تنظیم داعش سے نمٹنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر نیٹو سیکرٹری جنرل آندرے فوگ راسموسین نے نیٹو اتحاد پر مبنی ریپڈ ری ایکشن فورس کے قیام کا اعلان کیا جو یوکرین میں روسی جارحیت کو کم کرنے اور جنگجو تنظیم داعش کی پیش قدمی کو روکنے کے لئے کردار ادا کرے گی۔ نیٹو سمٹ میں شریک برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے نئی فورس کے لئے 3 ہزار 500 فوجی پیش کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 28 ممالک پر مشتمل نیٹو اتحاد اس بات پر متفق ہے کہ نئی فورس 2 سے 5 روز کے اندر دنیا کے کسی بھی حصہ میں بھیجی جا سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ مشرقی یورپی ممالک کو یقین دلاتے ہیں کہ نیٹو اتحاد کے درمیان ہونے والے معاہدوں کی پاسداری کی جائے گی۔ 

ڈیوڈ کیمرون نیٹو رہنماؤں سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ داعش کے خلاف اعلامیے پر آپ کے دستخط مسئلہ حل نہیں ہو گا بلکہ اغوا کاروں کو رقم کی ادائیگی کی اجازت نہ دی جائے، کیونکہ اگر یہ رقم داعش کے ہاتھ لگ گئی تو اس سے وہ اسلحہ خریدیں گے اور اس اسلحے سے مزید لوگوں کو اغوا کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ برس جی ایٹ کی طرف سے دستخط کی گئی دستاویز کی خلاف ورزی کے واقعات سامنے آنا مکمل طور پر شکست تسلیم کرنے کے مترادف ہے، تاہم انھوں نے جی ایٹ دستاویز کی خلاف ورزی کرنے والے مما لک کے نام ظاہر نہیں کئے۔

دوسری جانب برطانوی اخبار گارجین کے مطابق فرانس، سپین اور اٹلی نے حالیہ دنوں میں جی ایٹ ممالک کی دستاویز کی خلاف ورزی کی ہے۔ ایک محتاط اندازے کے مطابق داعش نے اب تک ڈیرھ ارب ڈالر اغوا کاری سے کما چکی ہے جب کہ اس کا یہ سلسلہ اب بھی جاری ہے۔ واضح رہے کہ داعش نے ایک سال قبل شام سے اغوا کی گئی امریکی خاتون کی رہائی کے بدلے 66 لاکھ امریکی ڈالر اور عافیہ صدیقی کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے جب کہ داعش 2 امریکی صحافیوں کو قتل کر کے ان کی ویڈیو بھی جاری کر چکی ہے۔ برطانوی شہر نیو پورٹ میں نیٹو سمٹ جاری ہے جس میں ممبران ممالک کے سربراہان شریک ہیں جبکہ سمٹ کے پہلے اور دوسرے روز یوکرین میں سیاسی بحران اور عراق اور شام میں داعش کی بڑھتی ہوئی پیش قدمی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 408400
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش