QR CodeQR Code

آج بھی وطن عزیز ہم سے 6 ستمبر 1965ء والا جذبہ مانگ رہا ہے، علامہ ناصر عباس جعفری

6 Sep 2014 16:55

اسلام ٹائمز: اپنے پیغام میں ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ کا کہنا تھا کہ میجر عزیز بھٹی شہید سمیت فوج کے دیگر شہداء نے اپنی قیمتی جانیں دیکر ملک کا دفاع کیا، جس پر آج پوری قوم فخر کرتی ہے، اس دن پوری قوم نے پاک فوج کی پشت پر کھڑے ہو کر ثابت کیا تھا کہ ہم دشمن کے مقابلے میں ایک ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے یوم دفاع کے موقع پر اپنے پیغام میں ملکی دفاع اور وقار کی خاطر دشمن کے مقابلے میں ڈٹ کر مقابلہ کرنے والے عظیم سپوتوں، سپاہیوں اور شہیدوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یوم دفاع اپنی سرحدوں کی حفاظت کا حق ادا کرنے اور باطل کیخلاف سینہ سپر ہونے کا نام ہے۔ اس دن ہماری بہادر افواج نے دشمن کے دانت کٹھے کئے تھے اور اسے اپنے ناپاک ارادوں میں ناکام و نامراد کیا تھا۔ میجر عزیز بھٹی عزیز شہید سمیت فوج کے کئی شہداء نے اپنی قیمتی جانیں دیکر ملک کا دفاع کیا، جس پر آج پوری قوم فخر کرتی ہے، اس دن پوری قوم نے پاک فوج کی پشت پر کھڑے ہوکر ثابت کیا تھا کہ وہ دشمن کے مقابلے میں ایک ہے۔ 
مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ کا کہنا تھا کہ اس وقت دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بھی پوری قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔ علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ آج بھی ملک ہم سے چھ ستمبر انیس سو پینسٹھ والا جذبہ مانگ رہا ہے۔ آج اس ملک پر جابر حکمران مسلط ہوگئے ہیں، جو غریبوں کا خون چونس رہے ہیں، جنہوں نے عوامی مینڈیٹ کی دھجیاں بکھیر دیں، جنہوں نے اپنے ہی عوام کا خون بہا دیا اور مظلوموں کو ان کا حق نہیں دیا جا رہا۔ علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ پاکستان حقیقی معنوں میں اس وقت آزاد ہوگا جب یہاں کے عوام کو ان کی مرضی کے مطابق حکمرانوں کے انتخاب کا موقع ملے گا، جب ان کے بنائے ہوئے نمائندے پارلیمنٹ میں پہنچیں گے۔


خبر کا کوڈ: 408512

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/408512/آج-بھی-وطن-عزیز-ہم-سے-6-ستمبر-1965ء-والا-جذبہ-مانگ-رہا-ہے-علامہ-ناصر-عباس-جعفری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org