0
Sunday 7 Sep 2014 00:28

کراچی میں بلاول ہاؤس کے قریب مسلح افراد کی شدید فائرنگ

کراچی میں بلاول ہاؤس کے قریب مسلح افراد کی شدید فائرنگ
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں بلاول ہاؤس چورنگی کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر دی جس کے باعث علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا جبکہ اسی وقت بلاول ہاؤس میں سراج الحق کی قیادت میں سیاسی رہنماؤں پر مشتمل جرگہ سابق صدر آصف زرداری سے ملاقات کیلئے موجود تھا۔ اطلاعات کے مطابق بلاول ہاؤس چورنگی پر واقع ہوٹل کے قریب ڈبل کیبن گاڑی میں موجود نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں علاقے میں بھگدڑ مچ گئی، فائرنگ کے باعث وہاں موجود افراد میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ اطراف میں واقع مارکیٹ بھی فوری طور پر بند کر دی گئی۔ بلاول ہاؤس کے قریب مسلح افراد کی فائرنگ کے وقت وہاں تعینات پولیس کی نفری نے انہیں روکنے کیلئے کسی بھی قسم کی کارروائی نہیں کی جس کے باعث ملزمان باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تاہم واقعے کے بعد پولیس اور رینجرز کی مزید نفری کو علاقے میں طلب کرکے سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے جبکہ علاقے سے گولیوں کے کئی خول بھی ملے ہیں۔ واضح رہے کہ جس وقت علاقے میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا اس وقت بلاول ہاؤس میں سراج الحق کی قیادت میں سیاسی رہنماؤں پر مشتمل جرگہ سابق صدر آصف زرداری سے ملاقات کیلئے موجود تھا جس کی وجہ سے بھی بلاول ہاؤس کے اطراف پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔
خبر کا کوڈ : 408573
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش