0
Monday 8 Sep 2014 00:29
اسلام دشمن عناصر شیعہ سنی مشترکہ تعلیمات کی نفی کے منصوبے بنا رہے ہیں

مسلمانان عالم اسلامی بھائی چارے کے ذریعے تفرقہ انگیزی پر مبنی دشمن کی سازشوں کو ناکام بنا دیں، سید علی خامنہ ای

مسئلہ فلسطین کے بارے میں مسلمانوں کو واضح برتری حاصل ہے
مسلمانان عالم اسلامی بھائی چارے کے ذریعے تفرقہ انگیزی پر مبنی دشمن کی سازشوں کو ناکام بنا دیں، سید علی خامنہ ای
اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای نے حج کے مسئولین سے خطاب کرتے ہوئے حج کو سرزمین وحی کی روحانی برکات سے فیض یاب ہونے، خدا کے ساتھ اپنے تعلق کو مضبوط کرنے اور اسلامی دنیا میں موجود مسائل کو دور کرنے کیلئے آپس میں مشورہ کرنے کی خاطر امت مسلمہ کیلئے ایک عظیم موقع قرار دیا اور کہا: "آج اسلامی دنیا کا ایک اہم ترین مسئلہ عالمی طاقتوں اور ان کی پٹھو حکومتوں کی جانب سے امت مسلمہ کے اندر اختلاف ڈالنے کی بھرپور کوششیں ہیں۔ ہمیں چاہیئے کہ ہم حج جیسے عظیم موقع سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے مسلمانوں کے درمیان اتحاد اور مفاہمت پیدا کرنے اور آپس میں پائے جانے والے اختلافات اور غلط فہمیوں کو دور کرنے کیلئے موثر اقدامات انجام دیں۔" 
 
آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای نے امام ہشتم علی رضا علیہ السلام کے یوم ولادت پر سب کو مبارکباد کہتے ہوئے خراسان میں ان کے مزار اقدس کو برکتوں کا سرچشمہ اور یاد الٰہی اور توحید کا مرکز قرار دیا اور اپنے دور کی ظالم و جابر حکومت کا مقابلہ کرنے کیلئے امام ہشتم علیہ السلام کے مدبرانہ طریقہ کار اور منصوبے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا: "حضرت امام علی رضا علیہ السلام نے خدا پر توکل، اپنی الہی حکمت عملی اور ولایت پر مبنی بابصیرت نگاہ کے ذریعے اپنے خلاف بنائے گئے دشمنانہ اور ماہرانہ منصوبے کو ناکام بنا دیا اور اپنے خلاف انجام پانے والی کوششوں کا رخ خود ظالم حکمرانوں کی جانب پلٹاتے ہوئے اسلامی دنیا میں اہلبیت اطہار علیھم السلام سے منسوب قرآنی تعلیمات کو عام کرنے کیلئے ایک عظیم تحریک کا آغاز کیا۔"
 
قائد انقلاب اسلامی ایران آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای نے حج کو عالم اسلام کے دینی و روحانی امور کی اصلاح اور اہم مسائل کے حل کیلئے ایک عظیم موقع قرار دیا اور کہا: "مسلمانوں کو چاہئے کہ وہ حج کے ایام میں اس الہی سفر سے پوری طرح فیض یاب ہوں اور خدا کے ساتھ اپنے تعلق کو اس قدر مضبوط بنائیں کہ حج سے لوٹنے پر حاجی میں حقیقی تبدیلی کو محسوس کیا جاسکے۔ آج اسلامی دنیا انتہائی خطرناک حالات سے دوچار ہے اور اس کا ایک اہم ترین مسئلہ عالمی طاقتوں کی جانب سے مسلمانوں کے درمیان اختلافات ڈالنے اور بدبینی پھیلانے کی منحوس سازشیں ہیں۔" 
 
ولی امر مسلمین جہان آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای نے حج کے دوران مسلمانوں کی جانب سے آپس میں قربتیں بڑھانے اور دلوں میں موجود غیر حقیقی دشمنیوں کو دور کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا:
"بدقسمتی سے بعض شیعہ اور سنی مسلمان ناسمجھی کا ثبوت دیتے ہوئے ایکدوسرے پر تہمتیں لگا کر اور جھوٹے الزامات عائد کرکے اسلام دشمن عناصر کی خدمت کرتے ہیں۔ ان کے ایسے اقدامات درحقیقت امریکہ اور صہیونیزم کی خدمت کرنا ہیں۔ مسلمانوں کو چاہیئے کہ اپنی قلبی ہم آہنگی اور ہوشیاری کے ذریعے اسلام دشمن عناصر کے عزائم کو خاک میں ملا دیں۔"  
 
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے موجودہ حالات میں "تکفیر" کو اسلام دشمن عناصر کے ہاتھ میں مسلمانوں کے درمیان تفرقہ اور اختلاف ڈالنے کا ایک اہم ہتھکنڈہ قرار دیا، جس کا مقصد مسلمانان عالم کو آپس میں الجھا کر انہیں مسئلہ فلسطین اور غاصب صہیونی رژیم کے غیر انسانی اقدامات سے غافل کرنا ہے، انہوں نے کہا: "مسئلہ فلسطین عالم اسلام کا اہم ترین مسئلہ ہے اور مسلمانوں کو چاہئے کہ وہ حج کے دوران اس پر خاص توجہ دیں۔ خوش قسمتی کی بات ہے کہ آج مسئلہ فلسطین کے حوالے سے مسلمان واضح برتری رکھتے ہیں۔ اس کی واضح مثال حالیہ 50 روزہ جنگ میں خطے میں مغربی طاقت کی علامت ہونے کے ناطے اسرائیل کی غاصب صہیونی رژیم کا کئی سالوں سے محاصرے کا شکار غزہ کے مظلوم عوام کے ہاتھوں شکست کھانا ہے۔" اسلامی جمہوریہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے کہا کہ غزہ کی حالیہ جنگ میں فلسطینی مسلمانوں کی فتح نے ثابت کر دیا ہے کہ مسلمان ایک عظیم طاقت اور بھرپور صلاحیتوں کے مالک ہیں۔ مسلمان ہر قسم کے دشمن کا مقابلہ کرنے اور اسے شکست دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 408716
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش