0
Monday 8 Sep 2014 15:51

آئندہ سے شہید اہلکاروں کے 2 اہل ورثا کو پولیس میں ملازمت دی جائیگی، آئی جی سندھ

آئندہ سے شہید اہلکاروں کے 2 اہل ورثا کو پولیس میں ملازمت دی جائیگی، آئی جی سندھ
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری آپریشن کو ایک سال مکمل ہونے پر پولیس ہیڈکوارٹر گارڈن میں پولیس دربار کا انعقاد کیا گیا، تقریب میں سندھ پولیس کے سینئر افسران اور اہلکاروں کے علاوہ پولیس شہدا کے ورثا نے بھی شرکت کی۔ آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے کہا کہ تقریب کا مقصد شہدائے سندھ پولیس کو خراج عقیدت پیش کرنا ہے، تقریب میں شہدائے پولیس کے ورثا میں سے 31 اہل افراد کو تقرر نامے تقسیم کئے۔ آئی جی کو بتایا گیا کہ شہدا پولیس کے قانونی ورثا میں سے 24 اہل افراد کو پہلے ہی تقرری نامے جاری کئے جا چکے ہیں جبکہ 38 تقرری نامے رواں ہفتے جاری کئے جائیں گے۔ آئی جی نے دربار سے خطاب میں اعلان کیا کہ شہید ہونے والے پولیس افسران اور اہلکاروں کے قانونی ورثا میں سے آئندہ کسی بھی 2 اہل افراد کو محکمہ پولیس میں ملازمت دی جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ 1992ء سے لے کر اب تک شہید ہونے والے افسران اور جوانوں کے ورثا کے لئے پلاٹوں کی الاٹمنٹ کا عمل مکمل ہو چکا ہے اور اراضی پر ٹاؤن پلاننگ تیزی سے جاری ہے۔ غلام حیدر جمالی نے وزیر اعلیٰ سندھ سے درخواست کی کہ شہدا پولیس کے ورثا کے لئے مزید اراضی الاٹ کی جائے کیونکہ اس سے قبل الاٹ کردہ 300 ایکڑ اراضی پر الاٹمنٹ مکمل ہو چکی ہے۔ آئی جی سندھ نے مزید کہ تمام شہدائے پولیس کے ورثا کے لئے مراعات کے امور جلد مکمل کرکے شہدا کے بچوں کی تعلیم اور ورثا کی صحت کا خیال رکھا جائے۔

غلام حیدر جمالی نے کہا کہ پولیس ملازمین کی تنخواہوں کو پنجاب پولیس کے برابر کرنے کی سفارشات حکومت سندھ کو ارسال کر دی گئی ہیں، پولیس کی بنیادی ذمہ داریوں میں شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اہمیت کا حامل ہے اور ایسا تب ہی ممکن ہوگا کہ پولیس اہلکار اپنا تحفظ یقینی بنائیں، اس حوالے سے طریقہ کار کو بہتر کیا جائے بلکہ اس پر عمل بھی یقینی بنایا جائے۔ آئی جی سندھ نے کہا کہ فیلڈ میں کام کرنے والے افسران اور جوانوں کو محکمہ پولیس کی جانب سے چھوٹے ہتھیار جاری کرنے کے امور جلد مکمل کرکے دوران فرائض اہلکاروں کو بلٹ پروف جیکٹیں، بلٹ پروف ہیلمٹ دیے جائیں، کمیونٹی پولیسنگ کے تحت قانون پسند شہریوں کے مسائل اور مشکلات کو تھانوں کی سطح پر ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام قادر تھیبو نے کہا کہ شہدا پولیس سے منسوب دربارکا 6 ستمبر کو انعقاد کا مقصد یوم دفاع کے موقع پر افواج پاکستان سے یکجہتی کرتے ہوئے اس عزم کی تجدید کرنا ہے کہ ملک کے دفاع کے خاطر کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہدا قوم کے ماتھے کا جھومر ہیں۔
خبر کا کوڈ : 408780
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش