QR CodeQR Code

اسکردو، دیوسائی میں ریسکیو آپریشن جاری، 166 افراد تا حال لا پتہ

8 Sep 2014 22:05

اسلام ٹائمز: ریسکیو آپریشن کے ذریعے 6 مریضوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ ایک مریض کو گلگت تشویش ناک حالت میں منتقل کر دیا گیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ دیوسائی میں شدید برف باری اور طوفان کی وجہ سے متاثر ہونے والے 260 خانہ بدوشوں کو ضلعی انتظامیہ نے بحفاظت کے چلم ریلف کیمپ منتقل کر دیا گیا ہے۔ انتظامیہ گزشتہ دو دنوں جاری ریسکو آپریشن میں اب تک صرف 260 لوگوں کو محفوظ مقامات میں منتقل کرنے میں کامیاب ہو سکا ہے جبکہ174  بقیہ لاپتہ افراد میں سے 8 کو زخمی حالت میں چلم منتقل کر دیا گیا ہے۔ ریسکیو آپریشن کے ذریعے 6 مریضوں کو برف اور سردی کی وجہ سے شدید بیماری کی حالت میں اور ہاتھ پاوں جلنے کی وجہ سے استور ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ ایک مریض کو گلگت تشویش ناک حالت میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کو خانہ بدوشوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 5 دن سے بے سروسامان برف باری اور طوفان میں ہم اپنے بچوں اور عورتوں کو محفوط مقام میں پہنچانے کی کوشش کرتے رہے مگر ایسا کرنا ہمارے بس سے باہر تھا کیونکہ دیوسائی میں 4 فٹ برف پڑی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی کوششوں سے روڈ بنایا گیا اور ہمیں گاڑیوں کے ذریعے چلم منتقل کر دیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کے تمام مال مویشی مر گئے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 166 سے زائد افراد اس وقت بھی لاپتا ہیں اور ریسکیو ٹیمیں آپریش میں مصروف ہیں۔

اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر استور طارق حُسین نے کہا کہ پاک آرمی اور ہمارے ریسکیو ٹیموں کی انتھک محنت سے ان افراد کو محفوظ مقامات تک پہنچایا گیا جبکہ اس تمام آپریشن میں استور انتظامیہ کے ملازمیں اور مشنری مصروف عمل ہے اور مشنری کے لئے تیل کا بندوبست پاک آرمی کی جانب سے کیا گیا ہے۔ ڈی سی استور نے متاثرین میں ریلف تقسیم کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنی تمام تر صلاحتیں بروئے کار لاتے ہوئے اس آپریشن کو مکمل کرینگے جس کے لئے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ پاک آرمی اور لوکل آبادی نے بھی بھرپور ساتھ دیا ہے۔ جبکہ پاک آرمی کی جانب سے چلم میں میڈیکل کیمپ بھی لگایا گیا ہے اور متاثرین کے لئے خوراک کا بھی بندوبست کیا گیا ہے جبکہ ہلال احمر پاکستان کی جانب سے متاثرین کے لئے کمبل، ٹینٹ، کپڑے اور اشیائے خورد نوش بھی دیا گیا ہے۔ اس موقعے پر انھوں نے کہا کہ کل رات سے جاری آپریشن میں ہماری ریسکو ٹیمیں ان لا پتا افراد کی تلاش مین نکلے ہیں تاہم اب تک کسی کے مرنے کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے ہماری ان ریسکو ٹیموں سے رابطہ بھی نہیں ہوسکا ہے امید ہے آج رات تک ان تمام افراد کا بھی پتا چلے گا۔ فی الحال ان کے بارے میں کچھ نہیں بتایا جا سکتا ہے۔


خبر کا کوڈ: 408839

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/408839/اسکردو-دیوسائی-میں-ریسکیو-آپریشن-جاری-166-افراد-حال-لا-پتہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org