QR CodeQR Code

خطرناک قیدیوں کی موجودگی ڈیرہ سنٹرل جیل کیلئے خطرہ بن گئی

9 Sep 2014 20:36

اسلام ٹائمز: سنٹرل جیل ڈی آئی خان میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے خطرناک دہشتگردوں کی موجودگی سکیورٹی رسک بن گئی، جیل انتظامیہ نے تحریری طور پر ضلعی انتظامیہ کو آگاہ کیا کہ پنجابی طالبان کمانڈر مجاہد کی موجودگی کے باعث جیل پر حملے کے خطرات بڑھ گئے ہیں، لہذا سکیورٹی انتظامات بہتر بنائے جائیں۔


اسلام ٹائمز۔ صوبہ خیبر پختونخوا کی قدیم اور حساس ترین سنٹرل جیل میں گزشتہ سال سنٹرل جیل ڈیرہ پر حملہ کرنیوالے دہشتگردوں کے پنجاب سے تعلق رکھنے والے کمانڈر مجاہد سمیت بارہ خطرناک قیدی موجودہیں۔ جن پر دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمات درج ہیں۔ جیل انتظامیہ ڈیرہ سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق ان خطرناک قیدیوں کی موجودگی کی وجہ سے سنٹرل جیل ڈیرہ پر ایک دفعہ پھر حملے کاخدشہ بڑھ گیا ہے۔ اس سلسلے میں انہوں نے ضلعی انتظامیہ ڈیرہ کو آگاہ کیا ہے کہ وہ سنٹرل جیل ڈیرہ کے حفاظتی انتظامات میں اضافہ کریں۔ سنٹرل جیل ڈیرہ پر ہونیوالے گزشتہ سال دہشتگردوں کے حملے کے بعد قدیم عمارت ٹاؤن ہال کو شہریوں کیلئے انتظامیہ نے حفاظتی انتظامات کے پیش نظر بند کر دیا تھا اور اس کے لئے میونسپل کمیٹی نے دو گارڈز بھی مقرر کئے تھے۔ معلوم ہوا ہے کہ وہ دو گارڈز بھی اپنی ڈیوٹی پر نہیں آتے ہیں جبکہ سنٹرل جیل ڈیرہ سے متصل ٹاؤن ہال کی بلڈنگ کی کئی دیواریں شکست و ریخت کا شکار ہیں، جسکی وجہ سے جیل کو بھی سیکورٹی خدشات لاحق ہوسکتے ہیں۔ سکیورٹی فورسز اور پولیس نے سنٹرل جیل ڈیرہ میں اپنا گشت بھی بڑھا دیا ہے جبکہ پولیس نفری میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 408957

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/408957/خطرناک-قیدیوں-کی-موجودگی-ڈیرہ-سنٹرل-جیل-کیلئے-خطرہ-بن-گئی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org