0
Tuesday 9 Sep 2014 21:52
تجارت ہی دونوں برادر اسلامی ممالک کو ایکدوسرے کے مزید قریب لانے کا ذریعہ ہے

ایران اور پاکستان دوستی اور بھائی چارے کے لازوال رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں، سعید ظیناتی

ایران ہمارا برادر اسلامی ملک ہے، جس نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کی مدد کی، عدنان عدیل
ایران اور پاکستان دوستی اور بھائی چارے کے لازوال رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں، سعید ظیناتی
اسلام ٹائمز۔ ایران اور پاکستان دوستی اور بھائی چارے کے لازوال رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں، دونوں ملکوں کے دیرینہ تعلقات ہی خطے میں اسلامی روایات کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہو رہے ہیں، پاک ایران تجارت ہی دونوں برادر اسلامی ممالک کو ایک دوسرے کے مزید قریب لانے کا ذریعہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار خانہ فرہنگ ایران پشاور میں نئے ایرانی قونصلر جنرل سعید ظیناتی نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) خیبر پختونخوا کے نائب صدر عدنان عدیل کی قیادت میں صوبے کے مختلف چیمبرز کے سربراہان اور تاجروں کے ایک اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ وفد نے نئے تعینات ہونے والے ایرانی قونصل جنرل کو خوش آمدید کہا اور سبکدوش ہونے والے قونصلر جنرل حسن درویش وند کو انکی بہترین خدمات پر خراج تحسین پیش کیا۔ وفد میں شامل ایف پی سی سی آئی خیبر پختونخوا کے نائب صدر عدنان عدیل نے کہا کہ ایران ہمارا برادر اسلامی ملک ہے جس نے ہر مشکل گھڑی میں ہمارے ملک کی مدد کی ہے پاکستان اور ایران کے درینہ تاریخی تعلقات اس بات کا مظہر ہیں کہ دونوں ممالک کے عوام معاشرتی اور سماجی لحاظ سے ایک دوسرے کے بہت ہی قریب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی وفود کا تبادلہ انتہائی ناگزیر ہے، کیونکہ تجارتی تعلقات اور روابط سے ہی دونوں ممالک کے عوام مزید قریب آسکتے ہیں۔

انہوں نے ایرانی تاجروں کو پشاور آنے کی دعوت دی اور کہا کہ جلد ہی اس سلسلے میں ایرانی قونصل جنرل سے باضابطہ میٹنگ ہوگی، جس کے ذریعے یہ طے کیا جائے گا کہ تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے لئے ایک جامع پروگرام ترتیب دیا جائے۔ انہوں نے ایرانی قونصل جنرل کو تجویز دی کہ ایران کے شہروں تہران اور مشہد سے پشاور کے لئے اور پشاور سے ان شہروں کے لئے ہوائی پروازیں شروع کی جائیں، تاکہ دونوں ممالک کے عوام مزید ایک دوسرے کے قریب آ سکیں۔ تاجروں کے وفد میں ملک مہر الٰہی، خالد سلطان، احتشام حلیم، سلطان مہمند اور دیگر شامل تھے۔ اس موقع پر ایرانی قونصل جنرل سعید ظیناتی نے تجارتی وفد کا شکریہ ادا کیا اور ان کی تجاویز پر اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی حکومت پاکستان کے ساتھ جلد تجارتی وفود کے تبادلوں کے لئے ایک جامع پروگرام ترتیب دے گی۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں معاشی ترقی کے لئے دونوں ممالک کے درمیان تجارت کا فروغ اور تجارتی وفود کا تبادلہ ناگزیر ہے، انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ خیبر پختونخوا کی تاجر برادری انکے ساتھ دوستانہ روابط قائم رکھے گی تاکہ دونوں ممالک کے عوام کو مزید ایک دوسرے کے قریب لایا جاسکے۔
خبر کا کوڈ : 408965
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش