QR CodeQR Code

آئی جی ایف سی کا دورہ میوند رائفلز، فراری کمانڈروں نے ہتھیار ڈال دیئے

جو فراری ہتھیار ڈال کر محب وطن ہونیکا ثبوت دیگا ہم انکے ساتھ ہیں، میجر جنرل محمد اعجاز شاہد

11 Sep 2014 22:59

اسلام ٹائمز: کوہلو میں مقامی عمائدین سے خطاب میں آئی جی ایف سی کا کہنا تھا کہ فرنٹیئر کور بلوچستان اور دیگر حکومتی اداروں کی بہتر مخلصانہ پالیسیوں کی وجہ سے ہی بھٹکے ہوئے لوگ پہاڑوں سے واپس آرہے ہیں۔ فراریوں کے ہتھیار ڈالنے سے دوسرے پہاڑوں پر رہنے والے فراریوں کیلئے ایک مثبت پیغام گیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور بلوچستان میجر جنرل محمد اعجاز شاہد نے میوند رائفلز کوہلو کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران کمانڈنٹ میوند رائفلز کرنل صغیر کامران نے آئی جی ایف سی میجر جنرل محمد اعجاز شاہد کو علاقے میں امن و امان کی صورتحال اور فرنٹیئر کور کے جوانوں کی ٹریننگ پر بریفنگ دی۔ آئی جی ایف سی نے دورے کے دوران علاقے کے معتبرین سے بھی ملاقاتیں کیں اور علاقائی مسائل اور ان کے حل پر بات چیت کی۔ اس دوران علاقہ مکینوں اور معتبرین نے صوبہ بلوچستان بالخصوص ضلع کوہلو میں امن و امان کی صورتحال اور صوبے کی ترقی میں اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ دریں اثناء اس موقع پر ضلع کوہلو کے 4 فراری کمانڈران نے آئی جی ایف سی کی نگرانی میں اپنے آپ کو ہتھیاروں سمیت قانون کے حوالے کیا اور گذشتہ ملک دشمن کارروائیوں پر دلی ندامت کا اظہار کرتے ہوئے یقین دلایا کہ وہ آئندہ کیلئے ایک محبِ وطن پاکستانی شہری کی حیثیت سے اپنی ایک نئی زندگی گزارنا چاہتے ہیں۔

آئی جی ایف سی میجر جنرل محمد اعجاز شاہد نے ہتھیار ڈالنے والے فراریوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو بھی فراری ہتھیار ڈال کر محب وطن ہونے کا ثبوت دے گا ہم ان کے ساتھ ہیں اور ان کو ایک امن پسند شہری کی طرح زندگی گزارنے کے بھرپور مواقع فراہم کئے جائیں گے۔ اُنہوں نے فراریوں کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوبے کے حالات تیزی سے امن کی طرف گامزن ہیں۔ فرنٹیئر کور بلوچستان اور دیگر حکومتی اداروں کی بہتر مخلصانہ پالیسیوں کی وجہ سے ہی بھٹکے ہوئے لوگ پہاڑوں سے واپس آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فراریوں کے ہتھیار ڈالنے سے دوسرے پہاڑوں پر رہنے والے فراریوں کیلئے ایک مثبت پیغام گیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 409278

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/409278/جو-فراری-ہتھیار-ڈال-کر-محب-وطن-ہونیکا-ثبوت-دیگا-ہم-انکے-ساتھ-ہیں-میجر-جنرل-محمد-اعجاز-شاہد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org