QR CodeQR Code

پنجاب حکومت نے دھرنے سے عوام کو متنفر کرنے کیلئے نئی حکمت عملی بنا لی

15 Sep 2014 09:22

اسلام ٹائمز: ڈاکٹر طاہرالقادری کی قوت کو زائل کرنے کیلئے سنی اتحاد کونسل میں پھوٹ ڈال دی گئی جبکہ دھرنے میں شریک لوگوں کو بددل کرنے کیلئے گلو بٹوں کی مدد سے بے بنیاد باتیں میڈیا میں پھیلائی جا رہی ہیں۔


رپورٹ: ٹی ایچ شہزاد

پنجاب حکومت نے ڈاکٹر علامہ طاہرالقادری کا زور توڑنے کے لئے سازشوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے اور اس حوالے سے پہلا وار سنی اتحاد کونسل پر کیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سنی اتحاد کونسل میں شامل بہت سی جماعتیں حکومتی کاسہ لیس ہیں۔ جماعت اہلسنت پاکستان کے مرکزی ناظم اعلٰی علامہ ریاض شاہ نواز شریف کی ماڈل ٹاؤن میں قائم رہائش گاہ کے قریب ان کی اتفاق مسجد میں خطیب ہیں، جہاں کسی زمانے میں ڈاکٹر طاہرالقادری خطیب ہوا کرتے تھے۔ اسی طرح جامعہ نعیمیہ کے سرپرست ڈاکٹر راغب حسین نعیمی کی اہلیہ نبیرہ راغب نعیمی نواز لیگ کی خصوصی نشست پر رکن پنجاب اسمبلی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ان دونوں شخصیات کو استعمال کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل میں پھوٹ ڈالی گئی ہے اور فیصل آباد میں صاحبزادہ فیض رسول رضوی نے باقاعدہ سنی اتحاد کونسل سے علیحدگی کا اعلان کر دیا ہے۔

فیصل آباد میں گذشتہ روز پریس کانفرنس میں صاحبزادہ فیض رسول رضوی نے سنی اتحاد کونسل سے علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے نیا گروپ ’’تحریک اہل سنت پاکستان‘‘ بنا لیا ہے۔ نئے جماعت کے اسٹرکچر کا اعلان کرتے ہوئے بتایا گیا کہ اس کے چیف آرگنائزر صاحبزادہ فیض رسول رضوی ہوں گے، صدارت کی ذمہ داری پیر محمد اقبال شاہ کو سونپی گئی ہے جبکہ اس تنظیم کے جنرل سیکرٹری کے فرائض مفتی یونس رضوی نبھائیں گے۔ مفتی فیض رسول نے اعلان کیا کہ بہت جلد اہل سنت علماء کا کنونشن بلا کر دیگر عہدیداروں کا اعلان بھی کر دیا جائے گا۔ اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے بھاری فنڈز بھی فراہم کئے گئے ہیں۔

دوسری جانب مجلس وحدت مسلمین میں بھی پھوٹ ڈالنے کی کوشش کی گئی، لیکن اس میں کامیابی نہیں مل سکی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مجلس وحدت مسلمین کے گرفتار رہنما اسد نقوی پر پولیس کی جانب سے دباؤ ڈالا گیا کہ وہ مجلس وحدت مسلمین سے الگ ہوجائیں لیکن اسد عباس نقوی نے پولیس کی جانب سے کسی بھی دباؤ کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا۔ ذرائع کے مطابق دھرنے کے شرکاء کو بھی منتفر کرنے کے لئے پنجاب حکومت نے بہت سے ’’گلو بٹ‘‘ دھرنے میں شامل کر دیئے ہیں جو میڈیا کو ایسے بیانات دیتے ہیں کہ انہیں زبردستی دھرنے میں لایا گیا ہے یا پیسے دے کر لایا گیا ہے۔ حکومت کے اس ہتھکنڈے کا مقصد دھرنے کے لئے عوام کی ہمدردیاں زائل کرنا ہے۔


خبر کا کوڈ: 409755

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/409755/پنجاب-حکومت-نے-دھرنے-سے-عوام-کو-متنفر-کرنے-کیلئے-نئی-حکمت-عملی-بنا-لی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org