QR CodeQR Code

نیوی ڈاکیارڈ پر حملہ اندرونی معاملہ لگتا ہے

بلاول بھٹو نے لاڑکانہ سے آئندہ انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کر دیا

سندھی طالبان کا لفظ سمجھ سے باہر ہے، سندھ صوفیوں کی سرزمین ہے

15 Sep 2014 15:36

اسلام ٹائمز: صحافیوں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پنجابی طالبان کا حملے نہ کرنے سے متعلق بیان مثبت ہے لیکن اسکا مطلب یہ نہیں کہ انہوں نے ماضی میں تشدد کی جو کارروائیاں کی ان پر کچھ نہ کیا جائے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کہتے ہیں کہ وہ قومی اسمبلی کی اُسی نشست پر انتخاب لڑنا چاہتے ہیں جس پر ان کی والدہ بے نظیر بھٹو الیکشن میں حصہ لیتی تھیں۔ بلاول ہاؤس کراچی میں صحافیوں سے ملاقات کے دوران پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے لئے کسی کو بھی اپنی زمین استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، کالعدم تحریک طالبان پنجاب کا حملے نہ کرنے سے متعلق بیان مثبت ہے لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ انہوں نے ماضی میں تشدد کی جو کارروائیاں کی ان پر کچھ نہ کیا جائے، اس وقت بھی یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی طالبان کی قید میں ہیں، جنہیں رہا کیا جانا چاہئے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈاکیارڈ پر حملہ اندرونی معاملہ لگتا ہے، سندھ صوفیوں کی سرزمین ہے، اس لئے سندھی طالبان کا لفظ ان کی سمجھ سے باہر ہے۔ 

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرنے والے لاکھوں آئی ڈی پیز اور سیلاب متاثرین اس وقت ملک کا سب سے اہم مسئلہ ہیں، وہ قوم سے اپیل کرتے ہیں کہ آئی ڈی پیز اور سیلاب متاثرین کی مدد کی جائے، جب سیاست کا وقت ہو اس وقت سیاست کی جانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ دھرنے کی سیاست غیر سنجیدہ ہے، پورے ملک میں سیلاب آیا ہوا ہے ایسے حالات میں دھرنے انا کا مسئلہ لگتے ہیں۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ جب میڈیا آزادی اور انقلاب مارچ دکھانا چھوڑ دے گا تو دھرنے ختم ہو جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی خواہش ہے کہ بے نظیر بھٹو جس نشست پر انتخابات میں حصہ لیتی تھیں وہ بھی اسی حلقے سے انتخابات میں حصہ لینا چاہتے ہیں لیکن اس کا فیصلہ پارٹی کرے گی۔ واضح رہے کہ پیپلز پارٹی کی شہید چیئرپرسن بے نظیر بھٹو لاڑکانہ سے قومی اسمبلی کے حلقے NA207 سے اتخابات لڑ چکی ہیں جس پر بلاول بھٹو زرداری نے آئندہ انتخابات میں الیکشن لڑنے کا اعلان کیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 409817

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/409817/بلاول-بھٹو-نے-لاڑکانہ-سے-ا-ئندہ-انتخابات-میں-حصہ-لینے-کا-اعلان-کر-دیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org