QR CodeQR Code

عمران خان اپنے کسی الزام کو ثابت نہیں کرسکے

وقت آنے پر بتاؤں گا کہ عمران خان اور طاہرالقادری کے درمیان کیا معاہدہ ہوا، پرویز رشید

17 Sep 2014 00:29

اسلام ٹائمز: اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے دونوں رہنماوں کے حوالے سے کہا کہ عمران اور قادری دن میں تین مرتبہ جھوٹ بولتے ہیں، عمران خان نے تقاریر کے ذریعے خود کو الزام خان ثابت کر دیا ہے، انکے الزامات کیلئے ثبوت نہیں صرف لائیو کیمرے کی ضرورت ہوتی ہے جبکہ عمران خان اکثر الزامات لگا کر بھول جاتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ عمران خان نے سرکاری عمارات پر حملے کے ملزمان زبردستی رہا کروائے، پارلیمنٹ ہاؤس اور پی ٹی وی (پاکستان ٹیلی ویژن) کی عمارت پر حملہ کا پہلے جشن منایا گیا اور مقدمات کے اندراج پر اس سے لاتعلقی ظاہر کی گئی۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں ان کا کہنا تھا کہ حملے کے ملزمان کو گرفتار کیا گیا تو ملزمان کو پولیس کی حراست سے فرار کرایا گیا، حملے کے خلاف مقدمات درج ہوئے تو کہا گیا ہمارا حملے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ پرویز رشید نے مزید کہا کہ عمران خان دھاندلی کے الزامات بھی ثابت نہ کرسکے، تحریک انصاف کے سربراہ دھمکیاں دیتے ہیں اور گالم گلوچ کرتے ہیں۔ انہوں نے عمران خان اور طاہر القادری کے حوالے سے کہا کہ دونوں حضرات دن میں تین مرتبہ جھوٹ بولتے ہیں، عمران خان نے تقاریر کے ذریعے خود کو الزام خان ثابت کر دیا ہے، ان کے الزامات کے لئے ثبوت نہیں صرف لائیو کیمرے کی ضرورت ہوتی ہے جبکہ عمران خان اکثر الزامات لگا کر بھول جاتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے طاہرہ آصف اور ہینڈری مسیح کے قاتلوں کے نام بتانے کا بھی کہا تھا، بین الاقوامی تنظیمیں، پاکستانی میڈیا پی ٹی آئی کے الزامات کی تصدیق نہیں کرتا۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان جمہوریت کو جھوٹ کے نظام سے تبدیل کرنا چاہتے ہیں، تحریک انصاف کے الزامات حقیقت پر مبنی ہوتے تو جوڈیشل کمیشن کے سامنے ثبوت رکھے جاتے۔ صحافیوں کے حوالے سے پرویز رشید نے کہا کہ حکومت نے صحافیوں کو معلومات تک رسائی کی ہر ممکن کوشش کی ہے، عمران خان صحافیوں پر لفافے کا الزام ثابت کریں، حکومت نے کسی صحافی کو انفرادی طور پر پلاٹ نہیں دیا، مسلم لیگ نے پلاٹ کلچر کو ختم کیا ہے جبکہ حکومت کے پاس اب سیکریٹ فنڈ نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے اسلام آباد میں دھرنا دینے والے رہنماؤں سے کچھ سوالات بھی کئے، ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اور طاہر القادری کی لندن ملاقات اب تک کیوں چھپائی گئی؟، عمران خان پی ٹی آئی کے صدر جاوید ہاشمی کے الزامات کے جواب کیوں نہیں دیئے؟، جاوید ہاشمی کو شوکاز دینے میں ہچکچاہٹ کیوں حائل ہے؟، سول نافرمانی کی تحریک کے دوران تحریک انصاف کے سیکریٹری جہانگیر ترین کے روز ٹرک نکلتے ہیں وہ ٹیکس کیوں دیتے ہیں؟، آپریشن ضرب عضب شروع ہونے والے دن دھرنوں کے اعلان میں دہشت گردوں سے محبت کے کیا راز پوشیدہ ہیں؟ انہوں ںے اعلان کیا کہ وقت آنے پر بتاؤں گا کہ عمران خان اور طاہر القادری کے درمیان کیا معاہدہ ہوا۔


خبر کا کوڈ: 410066

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/410066/وقت-آنے-پر-بتاؤں-گا-کہ-عمران-خان-اور-طاہرالقادری-کے-درمیان-کیا-معاہدہ-ہوا-پرویز-رشید

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org