QR CodeQR Code

سیلاب متاثرین کی امداد ہمارا عین شرعی فرض ہے، ناصر عباس شیرازی

17 Sep 2014 21:13

اسلام ٹائمز: ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات کا کہنا تھا کہ یہ امر قابل تحسین ہے کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے فلاحی شعبہ خیرالعمل فاوُنڈیشن بطریق احسن اس کار خیر میں بھرپور حصہ لے رہی ہے اور متاثرین کے لئے میڈیکل کیمپ، خوراک، پوشاک بر وقت پہنچانے میں ہمارے کارکنان مصروف ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین لاہور کا سیلاب متاثرین کی بحالی اور موجودہ سیاسی صورت حال پر اہم اجلاس صوبائی سیکرٹریٹ مسلم ٹاوُن لاہور میں ہوا۔ اجلاس کی صدارت مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری سیاسیات سید ناصر عباس شیرازی نے کی۔ اجلاس میں عمائدین لاہور اور کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سید ناصر شیرازی کا کہنا تھا کہ بدترین سیلاب اور اس سے متاثرہ عوام کی امداد ہمارا عین شرعی فرض ہے اور یہ امر قابل تحسین ہے کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے فلاحی شعبہ خیرالعمل فاوُنڈیشن بطریق احسن اس کار خیر میں بھرپور حصہ لے رہی ہے اور متاثرین کے لئے میڈیکل کیمپ، خوراک، پوشاک بروقت پہنچانے میں ہمارے کارکنان مصروف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لاہور اور دیگر علاقوں میں متاثرین کی بحالی کے لئے امدادی کیمپوں کا آغاز جلد ہو جائیگا اور مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے شماریات کا شعبہ متاثرین کے نقصانات کا تخمینہ لگانے کے عمل کو کچھ ہی عرصے میں مکمل کریگا اور جلد اُن کے نقصانات عوامی تعاون کیساتھ گذشتہ برسوں کی طرح مکمل کرنے کی بھرپور کوشش کرینگے۔ سید ناصر شیرازی نے اسلام آباد میں بے گناہ کارکنوں کی گرفتاری اور اُن کو جھوٹے مقدمات میں ملوث کرنے کے عمل کو حکومت کی بددیانتی اور ظالمانہ اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہاں ریاستی اداروں کیخلاف جنگ کرنے والے دہشت گردوں کی عام معافی کا مطالبہ کیا جاتا ہے جبکہ پرامن احتجاج کرنے والوں کو ریاستی ظلم و بربریت کا نشانہ بنایا جاتا ہے اور حکمران سن لیں ہم ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے اپنے راستے سے ہٹنے والے نہیں۔ اجلاس میں رانا ماجد علی، سید حسین زیدی، شیخ عمران علی، افسر حسین خاں، نقی مہدی، سید دانش نقوی، زاہد حسین سمیت دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔


خبر کا کوڈ: 410215

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/410215/سیلاب-متاثرین-کی-امداد-ہمارا-عین-شرعی-فرض-ہے-ناصر-عباس-شیرازی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org