QR CodeQR Code

شام میں جاری بحران کا کوئی فوجی حل نہیں، سیاسی حل تلاش کرنا ہوگا، جان کیری

20 Sep 2014 00:03

اسلام ٹائمز: اپنے انٹرویو میں امریکی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ امریکا نے مشرق وسطیٰ میں اپنے اتحادیوں سے اہم ضمانتیں حاصل کر لی ہیں، ان میں سرحدوں پر غیر ملکی جنگجوؤں کی آمد روکنے، انھیں تربیت، امداد اور مالی وسائل مہیا کرنے سے متعلق ضمانتیں شامل ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ داعش کو جنگ میں شکست دینے کے لیے اس کے زیر قبضہ علاقوں کی سرحدوں کی بندش ضروری ہے۔ عرب میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے جان کیری نے کہا ہے کہ امریکا نے مشرق وسطیٰ میں اپنے اتحادیوں سے اہم ضمانتیں حاصل کر لی ہیں۔ ان میں سرحدوں پر غیر ملکی جنگجوؤں کی آمد روکنے، انھیں تربیت، امداد اور مالی وسائل مہیا کرنے سے متعلق ضمانتیں شامل ہیں۔ جان کیری نے کرد سکیورٹی فورسز البیش المرکہ کی داعش کے خلاف جنگ میں کردار کو سراہا اور کہا کہ بغداد اور عراق میں دوسروں کو مجموعی طور پر البیش المرکہ کا موصل ڈیم کا کنٹرول واپس لینے پر شکر گزار ہونا چاہیے اور انھوں نے ہی داعش کی کردستان کے علاقائی دارالحکومت اربیل کی جانب پیش قدمی بھی روک دی تھی۔ داعش کے خلاف جنگ میں ایران کے ممکنہ تعاون کے حوالے جان کیری نے کہا کہ اس ضمن میں وہ اپنے لیے جس کردار کا بھی انتخاب کرتا ہے، اس کا خیر مقدم کیا جائے گا اور امریکا اس کے ساتھ ابلاغ کے لیے بھی تیار ہے۔ جان کیری نے اوباما انتظامیہ کے اس موقف کا اعادہ کیا کہ شام میں گذشتہ ساڑھے تین سال سے جاری خانہ جنگی کا حل فوجی کے بجائے سیاسی ہونا چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ ہمارے خیال میں شام میں جاری بحران کا کوئی فوجی حل نہیں ہے، اس کا کوئی ایسا سیاسی حل تلاش کرنا ہوگا جس سے اقلیتوں سمیت تمام کے مفادات کا تحفظ ہوسکے۔


خبر کا کوڈ: 410569

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/410569/شام-میں-جاری-بحران-کا-کوئی-فوجی-حل-نہیں-سیاسی-تلاش-کرنا-ہوگا-جان-کیری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org