0
Saturday 20 Sep 2014 23:12
جمہوری پاکستان کے خواب کی تعبیر قریب آگئی ہے

عوام کو اندازہ نہیں ہے کہ پاکستان میں کتنی بڑی تبدیلی آچکی ہے، عمران خان

عوام کو اندازہ نہیں ہے کہ پاکستان میں کتنی بڑی تبدیلی آچکی ہے، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہنا ہے کہ جمہوری پاکستان کے خواب کی تعبیر قریب آگئی۔ عوام کو اندازہ ہی نہیں کتنی بڑی تبدیلی آرہی ہے۔ پی ٹی وی پر حملے میں تحریک انصاف کا کوئی کارکن ملوث نہیں۔ اسلام آباد میں دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا قوم اپنے حقوق سمجھ گئی ہے، کوئی اب غلام نہیں بنا سکتا اور پاکستان بدل چکا ہے کیونکہ بڑی تبدیلی آگئی ہے۔ انہوں نے کہا 30 ہزار پولیس اہلکار دھرنے میں موجود ہیں تو کچھ لوگوں کو نجی ٹی وی کے باہر بھی کھڑا کیا جائے گا اور پی ٹی وی حملے میں تحریک انصاف کا کوئی کارکن اندر نہیں گھسا تھا۔ انہوں نے مزید کہا مجھے اللہ نے سب کچھ دیا، کسی چیز کی ضرورت نہیں تھی۔ سیاست میں اس لیے آیا کہ ملک میں باریاں لی جا رہی تھیں، لوگوں کو انصاف نہیں مل رہا تھا۔ دونوں جماعتوں کی نورا کشتی دیکھ کر سیاست میں آیا۔ 
عمران خان نے کہا پرویز مشرف کا ساتھ اس لئے دیا تھا کہ اس نے کہا تھا کہ وہ کرپشن ختم کر دیں گے، نواز شریف نے اے آر ڈی کے دوران بھی دھوکہ دیا۔ نواز شریف نے بائیکاٹ کروا کر خود الیکشن میں حصہ لیا۔ کپتان کہتے ہیں آئی ایم ایف کے کہنے پر بجلی، گیس کے ریٹ بڑھائے جاتے ہیں۔ نئے پاکستان میں ہم غریب ممالک کی خود مدد کریں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا چنیوٹ میں شوگز ملز کیلئے کروڑوں کا پل بنایا گیا، پبلک ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کا 22 کروڑ کا رمضان مل کے ڈرین سسٹم پر خرچ کیا گیا۔ نواز شریف کے ڈیڑھ سالہ دور میں ہر پاکستانی پر ایک لاکھ 10 ہزار کا مقروض ہے۔ وزیراعظم کے غیر ملکی دوروں پر سالانہ 150 کروڑ خرچ ہوتا ہے، وزیراعظم پتہ نہیں فاران ٹورز میں کیا کرنے جاتا ہے۔ رائے ونڈ کا سارا خرچہ عوام کی جیبوں سے جاتا ہے۔ رائے ونڈ کی پولیس پر چالیس کروڑ خرچ ہوتا ہے۔ 
عمران خان نے الزام عائد کیا کہ شریف خاندان نے پچیس سال پہلے کروڑوں روپے بنکوں سے قرض لیا تھا، وہ ابھی تک واپس نہیں کیا گیا۔ عمران خان نے کہا خیبر پختونخوا میں بلدیاتی نظام ایسا ہوگا جس سے اختیارات نچلی سطح تک منتقل ہونگے۔ بلدیاتی نظام لوگوں کی تقدیر بدل دے گا۔ خیبر پختونخوا کے سرکاری اسکولوں میں بھی انگلش پڑھائی جا رہی ہے، سب کیلئے ایک ہی نصاب ہوگا۔ انہوں نے کہا کراچی کے لوگو تیار ہوجاؤ، کل آ رہا ہوں، کراچی کے لوگ مختلف مافیاز میں پھنسے ہوئے ہیں۔ کل کراچی سے جلسے کے بعد سیدھا اسلام آباد دھرنے میں واپس آؤں گا۔ 

دیگر ذرائع کے مطابق عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم اپنے حقوق کے لئے جاگ چکی ہے، نواز شریف واشنگٹن فتح کرنے جا رہے ہیں، چار دن میں قوم کے چار کروڑ روپے خرچ کریں گے۔ پاکستان تحریکِ انصاف کے سربراہ نے اسلام آباد میں آزادی مارچ دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر جیو ٹی وی پر ہر روز پتھراؤ ہوتا ہے تو حکومت چند پولیس والے وہاں بھی کھڑے کر دے۔ ان کا کہنا تھا کہ ابھی عوام کو اندازہ نہیں ہے کہ پاکستان میں کتنی بڑی تبدیلی آچکی ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریکِ انصاف کا کوئی بھی کارکن پی ٹی وی پر حملے میں ملوث نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پارٹی بنانے کے بعد پہلے الیکشن میں میرا اسکور زیرو تھا، مشرف دور میں بمشکل ایک سیٹ نہ ملی اور ایک وقت ایسا بھی آیا تھا کہ صرف پانچ افراد پارٹی میں رہ گئے تھے، لیکن پھر پاکستان نے یہ منظر بھی دیکھا کہ مینارِ پاکستان میں عوام کا سمندر امڈ آیا۔ ان کا کہنا تھا کہ چوہدری افتخار کی تحریک میں نواز شریف ہمارے کنوینئیر تھے اور انہوں نے ہمیں دھوکہ دیا، اور انہوں نے زندگی بھر قوم کو دھوکہ ہی دیا ہے۔ انہوں نے شرکاء سے کہا کہ پاکستانیوں! آئندہ آپ کسی وزیرِاعظم کو کاروبار کرنے کی اجازت نہیں دیں گے اور اگر حکمران قانون توڑیں تو عوام سڑکوں پر آکر اس کا محاسبہ کریں۔
 
عمران خان نے وزیراعظم نواز شریف کے چار روزہ دورۂ امریکہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ "نواز شریف واشنگٹن فتح کرنے جا رہے ہیں۔" جس پر چار کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اوورسیز پاکستانیوں نے وزیراعظم کے استقبال کی بھرپور تیاری کر رکھی ہے، وہاں بھی "گو نواز گو" ہوگا۔ عمران خان نے کہا کہ مشرف کے دور میں ہر پاکستانی پر پینتیس ہزار کا قرضہ تھا جو کہ زرداری کی حکومت کے اختتام پر پچھتر ہزار روپے ہوگیا اور نواز شریف کے ڈیڑھ سالہ اقتدار میں یہ قرضہ ایک لاکھ دس ہزار تک پہنچ چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پندرہویں ترمیم کے ذریعے نواز شریف امیر المومنین بننا چاہتے تھے اور ابھی بھی ان کی یہ کوشش جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دو چیزیں جو خیبر پختونخواہ کو باقی پاکستان سے ممتاز کرتیں ہیں، وہ آزاد نیب ہے جو کہ چیف منسٹر سے بھی اوپر ہوگا اور ان کا بھی احتساب کرسکے گا اور دوسرا بلدیاتی نظام ہے جو کہ گاوں کی سطح پر بھی عوام کو آزادی دے گا۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ پاکستان میں تعلیم عام کرنے کے لئے خیبر پختونخوا میں یکساں نظامِ تعلیم آرہا ہے۔ انہوں نے کراچی کے عوام کو مخاطب کرکے کہا کہ وہ انہیں آزاد کرانے کے لئے آرہے ہیں اور رات میں پھر دھرنے میں پہنچ جائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 410736
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش