QR CodeQR Code

جماعت اسلامی کے صوبائی امیر عبدالمتین اخوندزادہ کی وزیراعلٰی بلوچستان سے ملاقات

21 Sep 2014 18:20

اسلام ٹائمز: کوئٹہ میں‌ ملاقات کے دوران امیر جماعت اسلامی بلوچستان کا کہنا تھا کہ صوبے میں نوجوانوں کو مسلسل نظر انداز کیے جانے اور عوام کو تعلیم، صحت اور روزگار کی سہولتیں نہ دینے سے ہزاروں نوجوان سماجی زندگی سے الگ ہوکر مایوس ہو گئے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کے صوبائی امیر عبدالمتین اخوندزادہ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں غربت، پسماندگی، بے روزگاری اور تعلیم و صحت کے بہتر مواقع نہ ہونے کی وجہ سے حالات خراب، عوام مایوس اور نوجوانوں میں بےچینی و مایوسی اور ردعمل پیدا ہوئے ہیں۔ وسائل سے مالامال صوبہ آج پسماندگی کی علامت بن گیا ہے۔ وزیراعلٰی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ بلوچستان کے معاشی، آئینی حقوق کے حصول کیلئے سب کو مل کر کردار ادا کرنا چاہیئے۔ جماعت اسلامی کا بلوچستان کے حقوق کے حصول، غربت کے خاتمے اور عوام کو ریلیف دینے کیلئے خدمات کسی سے پوشیدہ نہیں۔ بلوچستان میں قیام پاکستان سے محرومیاں، غربت اور پسماندگی کا راج ہے۔ ہماری حکومت کی کوشش ہے کہ صوبے سے محرومیوں، غربت، پسماندگی اور بے روزگاری کا خاتمہ کیا جا سکے۔ عبدالمتین اخونزادہ نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی عدل و انصاف کے قیام، نوجوانوں کو معیاری اچھی تعلیم، روزگار اور دیگر سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں۔ سراج الحق کی قیادت میں جماعت اسلامی قوم کو نیک صالح دیانت دار قیادت فراہم کریگی۔ نوجوان مستقبل کے معمار اور قوم کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ بلوچستان کے عوام، نوجوانوں کو بہتر بروقت راہنمائی و تربیت اور تعلیم دی جا سکے۔

نوجوانوں کو مسلسل نظر انداز کیے جانے اور عوام کو تعلیم، صحت اور روزگار کی سہولتیں نہ دینے سے ہزاروں نوجوان سماجی زندگی سے الگ ہوکر مایوس ہو گئے ہیں۔ حالات کا تقاضا ہے کہ بلوچستان کے نوجوانوں، بزرگوں اور عوام کے مسائل کو سنجیدگی سے لیا جائے۔ عوام کی شرکت سے حقیقی جمہوری نظام اپنا کر بلوچستان کو معاشی آئینی حقوق دیئے جائیں۔ بلوچستان کے نوجوانوں کو روزگار، تعلیم، صحت کے مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ احساس محرومی کا خاتمہ ہو سکے۔ صوبے کے عوام و نوجوانوں کو بار بار دھوکہ دیا گیا ہے۔ یہاں کے وسائل یہاں کے عوام پر خرچ کئے جائیں تاکہ غربت بے روزگاری اور پریشانی کا خاتمہ کیا جا سکے۔ جماعت اسلامی صوبے کے عوام کو حقوق دینے اور مایوسی کے اندھیروں کو ختم کرنے کیلئے اسلام آباد میں قومی کانفرنس بلائیگی۔


خبر کا کوڈ: 410872

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/410872/جماعت-اسلامی-کے-صوبائی-امیر-عبدالمتین-اخوندزادہ-کی-وزیراعل-ی-بلوچستان-سے-ملاقات

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org